قومی ٹی ٹونٹی کپ ،کامران اکمل اور سلمان بٹ نے 209 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اوپننگ شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

کامران اکمل نے صرف 71گیندوں پر 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،سلمان بٹ نے ریکارڈ میں55 رنز کا حصہ ڈالا

جمعہ 24 نومبر 2017 20:17

قومی ٹی ٹونٹی کپ ،کامران اکمل اور سلمان بٹ نے 209 رنز کی شراکت قائم کر ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) قومی ٹی ٹونٹی کپ میں لاہور وائٹس کے کامران اکمل اور سلمان بٹ نے 209 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بڑی اوپننگ شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری قومی ٹی ٹونٹی کپ میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کرنے والے کامران اکمل اور سلمان بٹ نے اسلام آباد کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپننگ شراکت داری میں 209 رنز جوڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا۔

کامران اکمل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 71گیندوں پر 12 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سلمان بٹ نے 55 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔کامران اور سلمان نے ٹی ٹونٹی میں بڑی اوپننگ شراکت داری کا کینٹ کے بلے بازوں جوئے ڈینلی اور ڈینل بیل ڈرومونڈ کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

(جاری ہے)

دونوں بلے بازوں نے رواں برس کے شروع میں نیٹ ویسٹ ٹی ٹونٹی میچ میں 207 رنز کی اوپننگ شراکت جوڑ کر تاریخ رقم کی تھی۔

دوسری جانب کامران اکمل نے میچ میں 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔12 چھکوں اور 14 چوکوں سے مزین یہ اننگز ٹی ٹونٹی کی تارتخ میں پاکستان کی جانب سے کسی بھی پلیئر کی بڑی انفرادی اننگز ہے۔کامران اکمل پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 150 رنز کی اننگز کھیلنے والے پہلے بلے باز ہیں جبکہ مجموعی طور پر وہ واحد وکٹ کیپر بلے باز ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے اور اس سے قبل سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کو اس اعزاز سے محروم کردیا جنہوں نے 126 رنز کی اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اس اننگز کے ساتھ ہی وہ مسلسل پانچ ٹی ٹونٹی اننگز میں 50 یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے بھی پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جہاں اس سے قبل انہوں نے 52، 65، 63 اور 52 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔ٹی ٹونٹی میں بڑی اننگز کا عالمی ریکارڈ کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے انڈین پریمیر لیگ میں 175 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

متعلقہ عنوان :