یونیسکو کے زیراہتمام ’’آثار قدیمہ اور پائیدار ترقی: مقامی آبادی کا کردار‘‘ کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 24 نومبر 2017 20:06

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت اور نوادرات سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ آرکیالاجی کی طرف سے مکلی پر پہلی عالمی کانفرنس کا انعقاد جنوری 2018ء میں ہوگا جس میں ملکی و غیرملکی محقق مکلی کی تاریخ و تہذیب اور اس کے آرکیٹیکچر پر اپنے مقالاجات پیش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیسکو کی جانب سے محکمہ ثقافت، سیاحت و نوادرات کے تعاون سے نیشنل میوزیم میں منعقد کرائے گئے عالمی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سینٹر اور یونیسکو اسلام آباد کی طرف سے ’’عالمی ورثہ اور پائیدار ترقی: مقامی آبادی کا کردار‘‘ کے عنوان کے تحت ورکشاپ منعقد کیا۔ ورکشاپ میں بنگلادیش، نیپال، اردن، اومان سمیت مختلف ممالک اور پاکستان کے گلگت بلتستان، بلوچستان سمیت مختلف علاقوں سے اسکالرز نے شرکت کی اور اپنی پریزنٹیشنز پیش کیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے عالمی ورثہ کے تحفظ اور فروغ میں مقامی آبادیوں کی شراکت داری پر یونیسکو کو زبردست خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ آثار قدیمہ کی سائیٹس مقامی آبادیوں کے دلوں میں بستی ہیں اور وہی اس کا تحفظ اور فروغ کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ یونیسکو سمیت دیگر اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے تیا ر ہے اور اس ورکشاپ کی طرف سے جو بھی تجاویز آئیں ان پر حکومت کی طرف سے ہر ممکن عملدرآمد کرایا جائیگا۔ اس سے پہلے دیگر ممالک سے آئے محققین نے اپنے اپنے ممالک میں عالمی ورثہ کی سائیٹس میں مقامی آبادی کی شراکت کے حوالے سے پیش کیے گئے مختلف پروجیٹکس کے بارے میں اپنی اپنی تحقیق پیش کیں اور مقامی آبادی کی شراکت کو اشد ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف آثار قدیمہ کی سائیٹس کا تحفظ ہوتا ہے بلکہ مقامی آبادی کی اقتصادیات بھی بڑھتی ہے۔

اس موقع پر یونیسکو پاکستان کی ڈائریکٹر ویبکے جینسین نے کہا کہ مقامی آبادی دنیا کے تمام عالمی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرے جس سے نہ ایک پرامن سماج کی تشکیل ہو گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور بڑی حد تک دنیا سے غربت کا خاتمہ ہوگا۔ صوبائی وزیر ثقافت سردار شاہ نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا محکمہ صوبے کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے دن رات کوشاں ہے اور اس حوالے سے موہین جودڑو کے بعد اب مکلی پر عالمی کانفرنس منعقد کی جائیگی۔ انہوں نے تمام شرکاء کو مکلی کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ ان کے محکمے کی طرف سے مکلی پر حال ہی میں کیے گئے اقدامات کا ضرور جائزہ لیں اور اپنی سفارشات سے آگاہ کریں۔