صوبائی مشیر کا ٹنڈو باگو میں کمسن بچے پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس

جمعہ 24 نومبر 2017 20:06

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتاز نے ٹنڈو باگو بدین میں نجی اسکول میں 5 سالہ بچہ پر مبینہ تشدد میں ان کی بائیں آنکھ ضائع ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبائی مشیر نے میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے بچوں پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے تعینات پولیس فوکل پرسن حیدرآباد کو ہدایت دی کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شمیم ممتاز نے بچہ کے والدین سے فون پر رابطہ کیا اور واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کروائی کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔