رانا مشہود کی زیر صدارت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں سپورٹس مقابلہ جات کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 24 نومبر 2017 19:55

رانا مشہود کی زیر صدارت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں سپورٹس مقابلہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے سکول کی سطح پر طالبعلموں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 4دسمبر سے صوبہ بھر میں سپورٹس مقابلہ جات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ تحصیل، ڈسٹرکٹ ، ڈویژن اور پھر صوبائی سطح پر پرائمری سے سیکنڈری لیول پر شروع ہونے والے سپورٹس کے مقابلہ جات میں سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات حصہ لیں گے۔

اس اقدام کا مقصد طالب علموں میں کھیلوں کا فروغ ہے۔یہ بات انہوں نے سرکاری تعلیمی اداروں میں سپورٹس مقابلہ جات کے انعقاد کے حوالے سے پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلی مینٹ یونٹ کے کمیٹی روم میںمنعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طالبعلموں میں سپورٹس کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور سکول کی سطح پر صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے -’’رائزنگ پنجاب ‘‘ سپورٹس مقابلہ جات کا انعقاد کیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانامشہود نے کہاکہ پرائمری کی سطح پرپنجہ آزمائی اور رسہ کشی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ سیکنڈری لیول پر کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، اتھلیٹکس ، والی بال،ٹیبل ٹینس، کبڈی اور ریسلنگ سمیت دیگر گیمزکا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔اسی طرح طالبات کے لئے سکولوں میں بیڈ منٹن سمیت مختلف مقابلہ جات منعقد کروائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بہترین کارکردگی کے حامل طالب علموں کو مزید ٹریننگ کے لئے بیرون ملک بھی بھجوایا جائے گا--انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بہترین ٹیلنٹ سکولوں ہی سے نکلتا ہے اور محکمہ سکول ایجوکیشن کھیلوں کے فروغ کیلئے کرکٹ کنٹرول بورڈ، سپورٹس بورڈ ،فٹ بال فیڈریشن اور ہاکی فیڈریشن سے مسلسل رابطے میں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کرکٹ، فٹ بال اور ہاکی کو ایلیمنٹری کی سطح پر شروع کیا جائے گا کیونکہ سپورٹس اب دنیا بھر میں انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکی ہے۔