نواب ثناء اللہ خان زہری کی پشاور میں خودکش بم دھماکے کی مذمت

ایڈیشنل آئی جی پولیس اشرف نور اور ان کے محافظ حبیب اللہ کی شہادت پراظہارافسوس

جمعہ 24 نومبر 2017 19:33

نواب ثناء اللہ خان زہری کی پشاور میں خودکش بم دھماکے کی مذمت
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں ایڈیشنل آئی جی پولیس اشرف نور اور ان کے محافظ حبیب اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

شہداء کے مشن کو ہر صورت تکمیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کاروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے ہماری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

امن دشمن جان لیں کہ جب تک ان کا مکمل خاتمہ نہیں کرلیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کے بلند حوصلوں پر ہمیں فخر ہے انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے شہید ایڈیشنل آئی جی پولیس اور ان کے محافظ کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا کی اور بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :