پولیو کے خاتمے کیلئے اسلامی مشاورتی گروپ کا مصر میں اجلاس، ڈاکٹر الدریویش کی شرکت

ْ مسلم ممالک کی جامعات پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں ،صدر جامعہ کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 24 نومبر 2017 19:27

پولیو کے خاتمے کیلئے اسلامی مشاورتی گروپ کا مصر میں اجلاس، ڈاکٹر الدریویش ..
اسلام آباد/قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے جامعة الازہر میں پولیو کے خاتمے کے لیے اسلامی مشاورتی گروپ کے اجلاس میں خطاب کے دوران مسلم ممالک کی جامعات پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ قاہرہ میں الازہر الشریف ہیڈ کواٹرز میں گروپ کے چوتھے اجلاس میں اپنے خطاب میں ڈاکٹر الدریویش نے اسلامی مشاورتی گروپ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گروپ نے اپنے مقاصد کے حصول کی رفتار دگنی کر دی ہے ، اس اجلاس کی صدارت جامعة الازہر کے سربراہ احمد الطیب نے کی۔

ڈاکٹر الدریویش کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک میں غلط فہمیوں کے باعث پولیو ویکسینیشن کا عمل متاثر ہوا ہے جس کو دیکھتے ہوئے اسلامی یونیورسٹی نے اپنی دعوة اکیڈمی اور اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے ذریعے پروگرام اور اہم اجلاس منعقد کروائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی قومی مشاورتی گروپ برائے خاتمہ پولیو کے اجلاس بھی منعقد کر چکی ہے جس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں ، حکومتی عہدیداروں اور اسلامی سکالرز نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس ضمن میں حکمت عملی پر غور و خوص بھی کیا ہے ۔

صدر جامعہ نے بتایا کہ یونیورسٹی اپنے ذیلی اداروں میں آئمہ و خطباء کو پولیو اور ویکسینیشن بارے کورسز میں تربیت اور آگاہی دے رہی ہے جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ ڈاکٹر الدریویش نے مزید کہا کہ پولیو سے بچاو ہر بچے کا بنیادی حق ہے جس پر جامعہ کے زیر اہتمام حالیہ دنوں ایک عالمی کانفرنس میں تفصیلی بحث ہوئی ہے۔ڈاکٹر الدریویش نے اس موقع پر مصر میں اس اجلاس میں شرکت کرنے والے پاکستانی علماء و مفکرین کی خدمات کو بھی سراہا جبکہ اجلاس میں دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن بھی صدر جامعہ کے ہمراہ شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :