بھارت میں کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا ریکارڈ،2رنز پر پوری ٹیم ڈھیر

بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں ناگالینڈ خواتین کی پوری ٹیم 17 اوور زمیں 2 رنز پر آل آوٹ ہو گئی

جمعہ 24 نومبر 2017 19:12

بھارت میں کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا ریکارڈ،2رنز پر پوری ٹیم ڈھیر
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) کرکٹ کے کھیل میں آئے دن کوئی نہ کوئی ریکارڈ بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں لیکن حال ہی میں ایک ایسا ریکارڈ بنا ہے جس کے بارے میں شاید ہی کسی نے سوچا ہو گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کے ایک میچ میں کیرالا اور ناگالینڈ کی ٹیمیں میدان میں اتریں۔ ناگالینڈ نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا جو اس کیلئے اتنا نقصان دہ ثابت ہوا جس کا ازالہ ہی ممکن نہیں تھا۔

ناگالینڈ کی جانب سے خاتون کھلاڑی مینکا میدان میں اتریں اور انتہائی سست روی سے کھیل پیش کرنا شروع کر دیا۔ اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنا پہلا رن 18 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد لیا۔ اور یہ واحد رن تھا جو اس ٹیم کے حصے میں آیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد 16ویں اوور میں ان کی وکٹ گرنے کے بعد ٹیم کے کھلاڑی حقیقت میں خزاں کے پتوں کی طرح جھڑنے لگے۔

ناگالینڈ کی پوری کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں صرف 2 رنز پر آل آوٹ ہو گئی۔ ان میں ایک رن وائڈ بال کا تھا جبکہ ایک رن مینکا نے بنایا۔ اس ٹیم کی باقی تمام خاتون کھلاڑیوں نے کوئی سکور نہ بنایا اور پویلین لوٹ گئیں۔ میچ جیتنے کیلئے کیرلا کی ٹیم کو صرف 3 رنز کا ہدف درکار تھا۔ ناگالینڈ کی جانب سے دیپیکا کینٹورا نے پہلی گیند وائڈ کرائی اور پھر دوسری، لیکن میچ کی پہلی صحیح بال پر کیرلا کی کھلاڑی انسو راجو نے چوکا لگا ڈالا۔

یوں کیرلا نے یہ میچ صرف ایک ہی بال پر اور دس وکٹوں سے جیت لیا۔ واضح رہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ڈومیسٹک میچ کا سب سے کم سکور 6 رنز تھا جو بھارت ہی کی ایک ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 1810 میں بنایا تھا۔ یوں تقریبا ایک صدی بعد ناگالینڈ کی ٹیم نے ایک نئی تاریخ بنا ڈالی ہے۔

متعلقہ عنوان :