دیر پائیں میں رابطہ سڑکوں کی پختگی، کشادگی اور تعمیر کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں

بعض تکمیل کے مراحل میں ہیں ،اس سے عوام کو سفری سہولیات میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا صوبائی وزیرخزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ کا معز زین دیر پائیں کے اجلاس میں خطاب

جمعہ 24 نومبر 2017 19:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیرخزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ دیر پائیں میں رابطہ سڑکوں کی پختگی، کشادگی اور تعمیر کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بعض تکمیل کے مراحل میں ہیں ، ان منصوبوں کے ذریعے مذکورہ ضلع کے عوام کو سفری سہولیات میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ، تمام دیہی علاقے آپس میں مربوط ہو جائینگے، حلقہ نیابت پی کے 94 میں مجموعی طور پر تقریباً 150 کلومیٹر پر محیط پختہ سڑکیں بنائی گئی ہیں جسکی گزشتہ ادوار میں کہیں بھی نظیر نہیں ملتی جبکہ حلقہ کی تمام یونین کو نسلوں میں تعلیمی اداروں کا قیام ،اپ گرڈیشن بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

وہ بروز جمعہ داپنے د فتر پشاور میں دیر پائیں کے علاقے تالاش سے تعلق رکھنے والے زعماء اور معز زین کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جن میں ملک ایوب خان، ملک تاج محمد خان ، ضلعی کونسلرز حاجی فضل قادر اور حکیم خان ، پرنسپل اسرار اور دیگر عمائدین شریک تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے پسماندہ اور ترقی کے سفر سے پیچھے رہ جانے والے علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خاص توجہ دے رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں دیر پائیں کو خاص اہمیت دی جار ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ضلع کے حلقہ پی کے 94 میں ہر شعبہ زندگی سے منسلک منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں صحت ، تعلیم ، مواصلات، آبنوشی اور دیگر مدوں میں متعدد ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں جسکا مقصد غریب عوام کو سہولت اور ریلیف پہنچانا ہے۔