تبدیلی کے وعدوں کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں،ہمارے منصوبے اسکا ثبوت ہی:شہبازشریف

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اخلاص سے کی گئی کاوشوں کی بدولت پاکستان اپنی منزل کے قریب ہے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائیں گی:وزیراعلیٰ کی پارلیمنٹرینز سے گفتگو

جمعہ 24 نومبر 2017 19:05

تبدیلی کے وعدوں کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات ..
لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تبدیلی کے وعدوں کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اورہمارے ترقیاتی منصوبے اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہی کارنامہ ہے ۔گزشتہ حکومتوں نے اپنے ادوار میں ایک میگاواٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی جبکہ ہمارے دور میں بجلی کے کارخانے ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے قوم کو طویل لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی گئی ہے اورتوانائی کے میگا پراجیکٹس میں اربوں روپے کی بچت کرکے ایک مثال قائم کی گئی ہے۔

ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنا پاکستان مسلم لیگ(ن) کا بڑا کریڈٹ ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوںنے یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی منفی سیاست کے باوجود ملک کی ترقی کا سفر رکنے نہیں دیااور خالی نعروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی اورملک کی خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے اور عوا م کی خدمت کو ہی ہمیشہ اپنا شعار بنایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پرامن اور مستحکم پاکستان کیلئے دل و جان سے کام کر رہے ہیں۔اقربا پروری ، لوٹ مار اور کرپشن کو دفن کرکے شفافیت اور میرٹ کو اپنایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وطن عزیز کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کی کاوشوں کے نتائج عوام کے سامنے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پا کر عوام کو اندھیروں سے نجات دلائی ہے اوربجلی کے کارخانوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی ترقی اور عوام کی خدمت مشن ہے اور اسے جاری رکھیں گے اورملک کی ترقی کیلئے پہلے سے بڑھ کر کام کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ ہمارا ہر قدم تیز رفتار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں۔ ہمارے انقلابی اقدامات سے عوام کامعیارزندگی بلند ہوا ہے۔ عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اربوں روپے کے وسائل پنجاب کے عوام کے قدموں پر نچھاور کر کے انہیں ان کا حق لوٹایا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اخلاص سے کی گئی کاوشوں کی بدولت پاکستان اپنی منزل کے قریب ہے اورملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں سینیٹر محمد ظفراللہ خان ، اراکین قومی اسمبلی محمدافضل خان ،ناصر اقبال بوسال ، ساجد مہدی ،وزیر مملکت محسن شاہنواز رانجھا، صوبائی وزیر حمیدہ وحید الدین،اراکین پنجاب اسمبلی محمد عون عباس اورخرم اعجاز چٹھہ شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :