وزیراعلیٰ پنجاب سے ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے اور انکی بیٹی کی دوبارہ ملاقات

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی بزرگ جوڑے کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی انصاف کے قرینوں کے مطابق مسئلہ حل کیا جائے گا :شہبازشریف، معاملے کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل سیکرٹری لائیوسٹاک، کمشنر ملتان ڈویژن اور آر پی او ملتان کمیٹی میں شامل، 3 روز میں رپورٹ پیش کرے گی

جمعہ 24 نومبر 2017 19:05

وزیراعلیٰ پنجاب سے ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے ..
لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے محمد ادریس، ان کی اہلیہ نسیم بی بی اور ان کی بیٹی مدیحہ نے یہاں دوبارہ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بزرگ جوڑے کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انصاف کے قرینوں کے مطابق آپ کا معاملہ حل کیا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے بزرگ جوڑے کے معاملے کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق، کمشنر ملتان ڈویژن اور آر پی او ملتان شامل ہوں گے۔کمیٹی آئندہ 3 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی اورانصاف کے تقاضوں کے مطابق معاملے کا حل تلاش کرکے اپنی سفارشات دے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی بزرگ جوڑے کی شکایات کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین بھی کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے بزرگ جوڑے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے آپ سے ناروا سلوک کیا ہے، ان کے خلاف پہلے ہی ایکشن لیا جا چکا ہے، تاہم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اس ضمن میں کوئی اور ذمہ دار پایا گیا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ بزرگ جوڑے نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے مسئلے کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے ہیں جس پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔

قبل ازیں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ممبر منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سپیشل برانچ، سیکرٹری لائیوسٹاک، کمشنر ملتان ڈویژن، کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری، ڈپٹی کمشنر ملتان اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔