پشاور میں ایڈیشنل آئی جی نو ر اشرف کی گاڑی کو خود کش بم دھماکہ سے نشانہ بنانے پرڈاکٹر محمد فاروق ستار کااظہار مذمت

ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی ، مذہبی اکائیوں کے ساتھ ملکر نیشنل ایکشن پلان پر درست سمت میں عملدرآمد کرایاجائے، ڈاکٹر محمد فاروق ستار خود کش دھماکہ میں اے آئی جی نور اشرف کی شہادت اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے پر ڈاکٹر محمد فاروق ستار کااظہار تعزیت

جمعہ 24 نومبر 2017 19:03

پشاور میں ایڈیشنل آئی جی نو ر اشرف کی گاڑی کو خود کش بم دھماکہ سے نشانہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایڈیشنل آئی جی نور اشرف کی گاڑی کو دہشت گردوں کی جانب سے خود کش بم دھماکہ سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں آئی جی نور اشرف کی شہادت اور 6اہلکاروں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

ایک بیان میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق درست طریقے سے عملدرآمد نہ ہونے کے باعث سفاک دہشت گرد دہشت گردی کے واقعات کا خاتمہ نہیں ہو رپا رہا ہے جبکہ مسلح افواج ، سیکورٹی فورسز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ حکومتی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوتاہی برتی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر فی الفور اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرانا اشد ضروری ہے اور اس میں جتنی دیر کی جائے گی وہ دہشت گردوں کو ملک میں مزیددہشت گردی کیلئے راہیں ہموار کرنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے خود کش بم دھماکہ میں ایڈیشنل آئی جی نور اشرف کی شہادت پر محکمہ پولیس اور ان کے تمام لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کوجلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔

ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا کہ پشاور کے علاقے حیات آباد میں خود کش بم دھماکہ اور اس میں ایڈیشنل آئی جی نور اشرف کے شہید ہونے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی ، مذہبی اکائیوں کے ساتھ ملکر نیشنل ایکشن پلان پر درست سمت میں عملدرآمد کرایاجائے ۔