کراچی مختلف زبانوں ، ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا شہر ہے ،وسیم اختر

جمعہ 24 نومبر 2017 18:58

کراچی مختلف زبانوں ، ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی مختلف زبانوں ، ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا شہر ہے اور یہاں مذہبی رواداری، اخوت و مساوات کو فروغ دینا ضروری ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ان تمام کمیونٹیز اور اداروں کی کاوشوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے انسانیت کی خدمت کو شعار بنایا ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں غریب اور محروم طبقے کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے خود کو وقف کر رکھا ہے، کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی کے اسکولوں اور اسپتالوں کا نیٹ ورک شہریوں کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور آغا خان فائونڈیشن کی مختلف شعبوں میں شاندار خدمات پر کراچی کے شہری انہیںقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں پرنس کریم آغا خان چہارم کی کراچی آمد ہمارے لئے باعث فخر ہے ، کراچی کے مختلف مقامات پر اسماعیلی کمیونٹی کے اجتماعات کے لئے تمام تر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امین لاکھانی کی قیادت میں جمعہ کے روز ملاقات کے لئے آنے والے 4رکنی وفد سے بات چیت کے موقع پر کہی، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ شیعہ امامی اسماعیلی کونسل کھارادر کی درخواست پر کلفٹن میں آغا خان پارک میں آغا خان ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے موقع پر سوشل ڈویلپمنٹ پروگرام کے انعقاد میں ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور دیگر مقامات نشتر پارک ، باغ جناح، بریٹو روڈ گارڈن میں اسماعیلی کمیونٹی کے جماعت خانوں کے اطراف صفائی ستھرائی کا انتظام اور اجتماعات کے موقع پر فائربریگیڈ، سٹی وارڈنز اور ریسکیو خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، میئر کراچی نے کہاکہ روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان چہارم کی دسمبر کے پہلے ہفتے کراچی آمد پر ان کا پرجوش اور والہانہ استقبال کیا جائے گا، ان کی میزبانی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اسماعیلی کمیونٹی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے مقامی سطح پر تعمیر و ترقی کی شاندار خدمات انجام دی ہیںاور پرنس کریم آغا خان کے وژن اور قیادت کی بدولت پاکستان میں غربت کے خاتمے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں گرانقدر خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں جس پر پوری پاکستانی قوم ان کی تہہ دل سے مشکور ہے، انہوں نے کہا کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک دنیا میں سماجی ترقی کی تنظیموں میں ایک اہم حیثیت حاصل ہے اور نسل، مذہب ، برادری سے قطع نظر محروم و نادار افراد کی مددکو نصب العین بناتے ہوئے انسانوں کے درمیان محبت، برداشت ، انسانیت کی عظمت پر زور دیا گیا ہے،اس موقع پر وفد کے سربراہ امین محمد لاکھانی نے میئر کراچی وسیم اختر کو پرنس کریم آغا خان چہارم کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ شیعہ امامی اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں موروثی اور روحانی پیشوا پرنس شاہ کریم ال حسینی آغا خان چہارم 11جولائی 2017 ء کو اپنی امامت کے 60 سال مکمل کرچکے ہیں، انہیں یہ منصب 11 جولائی1957 ء کو اپنے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم کے جانشیں کے طور پر ملا تھا، اسماعیلی قوم اپنی تاریخی روایت پر عمل پیرا رہتے ہوئے جولائی 2017ء اور جولائی2018 ء کے دوران پوری دنیا میںامام کریم آغا خان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات منعقد کرے گی، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ آغا خان کمیونٹی اپنے روحانی پیشوا کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات شایان شان انداز میں منعقد کرے گی اور دنیا بھر میںاس دوران لوگوں کی فلاح و بہبود اور انسانی ترقی کے نئے منصوبے منظر عام پر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :