تاجر برادری کا شہر کی ترقی و خوشحالی میں بنیادی کردار ہے ،میئر کراچی

تاجر برادری کے مسائل کو سمجھتے ہیں ،حل ے لئے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں،عتیق میر کی قیادت میںملنے وفد سے گفتگو

جمعہ 24 نومبر 2017 18:58

تاجر برادری کا شہر کی ترقی و خوشحالی میں بنیادی کردار ہے ،میئر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی تاجر برادری کے مسائل کو سمجھتے ہیں اور ان کے حل کے لئے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیںکیونکہ تاجر برادری کا شہر کی ترقی و خوشحالی میں بنیادی کردار ہے ، عیدگاہ کے علاقے میں میرمحمد بلوچ پارک کے اطراف ہٹائی گئیں 118 دکانوں کے معاملے کا متعلقہ قوانین کی روشنی میں جائزہ لیں گے یہ بات انہوں نے کراچی تاجر اتحاد کے سربراہ عتیق میر کی قیادت میں جمعہ کے روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے چھ رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کراچی اتحاد کے سربراہ عتیق میر نے کہا کہ میرمحمد بلوچ پارک کے اطراف ہٹائی گئیں 118 دکانوں کے مالکان شدید مالی مسائل کا شکار ہیں ان دکانداروں میں سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں اور شہر کے وسیع تر مفاد میں رضاکارانہ طور پر اپنی دکانیں خالی کردی تھیں تاہم اب وہ بے روزگار ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ انہیں کام کے لئے متبادل جگہ دی جائے یا بلوچ پارک کی بحالی کے بعد جو جگہ بچی ہے وہیں کچھ حصہ ان کے لئے مختص کیا جائے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کرسکیں، میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی تاجر اتحاد کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے پر ہمدردانہ غور کریں گے اور جو بھی ممکن ہوا کیا جائے گا، انہوں نے بلوچ پارک کے اطراف توڑی گئیں دکانوں کے حوالے سے کے ایم سی کے محکمہ قانون اور محکمہ اسٹیٹ کو رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی تاکہ اس معاملے کا مکمل جائزہ لیا جائے، میئر کراچی نے کراچی تاجر اتحاد کے نمائندوں سے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ رہائشی اور کاروباری علاقوں میں شہریوں اور تاجر برادری کو تجاوزات کی وجہ سے درپیش مسائل حل کئے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے لئے بھی تاجر برادری کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس مقصد کے تحت مختلف علاقوں میں تاجروں اور دکانداروں میں کچرا رکھنے کے بیگز بھی تقسیم کئے جاچکے ہیں تاکہ دکانوں کے سامنے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر کچرا پھینکنے کے رجحان کا خاتمہ کیا جاسکے اور تاجر برادری کے تعاون سے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور بحیثیت شہری یہ ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے کہ اپنے محلوں اور علاقوں کو صاف ستھرا رکھیں۔

متعلقہ عنوان :