کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کروانے کی ہدایت

پاکستان دشمن کے ٹارگٹ پر ہے، علمائے کرام حالات کو سمجھنے کی کوشش کریں اور چھوٹے چھوٹے مسائل کو اشو نہ بنایاجائے،کمانڈنٹ رینجرز

جمعہ 24 نومبر 2017 18:58

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کو عیدمیلا دالنبی ؐ کے موقع پر حکومت کی جانب سے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ علماء کرام اس ماہ میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھیں، کیونکہ ہمارے پیارے آخری نبی حضرت محمد مصطفیؐ نے محبت اور اخلاق کا درس دیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے آفس کے کمیٹی روم میں عیدمیلا دالنبی ؐ کے سلسلے میں طلب کیے گئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت پر عمل پیرا ہوکر معاشرے کے تمام مسائل حل کیئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر ڈویژن محمد محمد عثمان چاچڑ نے کہا کہ 12ربیع الاول کے موقع پر تمام اضلاع میں کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جو کہ امن وامان کے مسائل کے علاوہ دیگر مسائل اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے کام کرینگی۔

ڈی آئی جی سکھر پولیس خادم حسین رند نے کہا کہ ملک کو اس وقت اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں اور حالت جنگ میں ہیں، اس لئے کوئی غلطی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، تمام علمائے کرام روٹس کی پابندی کریں۔ کمانڈنٹ رینجرز کرنل امیتاز نے کہا کہ ملک کی صورتحال سب کے سامنے ہے، دشمن نے پاکستان کو ٹارگیٹ کیا ہے، اپنے چھوٹے چھوٹے مسائل کو اشو نہ بنایا جائے، ہر حال میں امن قائم کیا جائیگا اور امن خراب کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ تما علمائے کرام باشعور ہیں، وہ حالات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور شرپسندوں پر نظر رکھیں، اس سلسلے میں رینجرز کی پیٹرولنگ میں اضافہ کرتے ہوئے سنیپ چیکنگ کی جارہی ہے۔ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عثمان چاچڑ نے علماء کرام کی شکایت پر سیپکو چیف کو ہدایت کی کہ 10سی12ربیع الاول تک لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے میونسپل کمشنرز اور ٹی ایم ایز کو ہدایات دیں کہ عیدمیلا دالنبی ؐ کے جلوسوں کے روٹس پر سے کھدائی کئے گئے روڈوں کو بہتر کیا جائے اور ملبہ فوری اٹھایا جائے، تاکہ ریلیوں کے شرکاء کوکسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، جبکہ صفائی ستھرائی اور لائیٹنگ کا انتظام بھی کیا جائے۔ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عثمان چاچڑ نے تینوں اضلاع کے دی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹرس اور اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

کمشنر سکھر نے علماء کرام پر زور دیا کہ جلوسوں کے دوران اذان اور نماز کے اوقات کا خیال رکھتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، جبکہ لائوڈ اسپیکر ایکٹ پر بھرپور عملدرآمد کیا جائے۔ اجلاس میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ افسران اور علمائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :