شہید ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوآرٹرز محمد اشرف نور کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں ادا کردی گئی

گورنر خیبرپختونخوا ،کور کمانڈر پشاور،سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ،آئی جی پی خیبر پختونخوا سمیت اعلیٰ افسران کی شرکت محمد اشرف نور نہایت دیانت دار اور اصول پرست آفیسر تھے، ان کی قربانی نے ہمیں بہادری سے لڑنے کا نیا عزم دیا ہے، صلاح الدین خان

جمعہ 24 نومبر 2017 18:43

شہید ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوآرٹرز محمد اشرف نور کی نماز جنازہ ملک سعد ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) شہید ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوآرٹرز محمد اشرف نور کی نماز جنازہ کل ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی،نماز جنازہ میںگورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا،کور کمانڈر پشاورنذیر بٹ، سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر،ائیر وائس مارشل سرفراز،آئی جی پی خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود،کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹبلری لیاقت علی خان ، سی سی پی اُو پشاورمحمد طاہر خان اوردیگر اعلیٰ پولیس اور سول حکام نے کثیر تعداد میںشرکت کی، اس موقع پر شہید کی تابوت پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں،پولیس کے ایک چاق وچوبند دستے نے شہید کی تابوت کو سلامی پیش کی،نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی صلاح الدین خان محسود نے کہا کہ محمد اشرف نورایک نہایت دیانت دار اور اصول پرست آفیسر تھے،صوم و صلوٰة کے پابند اور جذبہ خدمت سے سرشار تھے، ان کی قربانی نے ہمیں بہادری سے جینے اور لڑنے کا نیا عزم دیا ہے ، ہمارے حوصلے پہلے سے زیادہ بلند رہیں گے، خیبر پختونخوا پولیس ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے تدبیر، حکمت عملی اور بہادری کے ساتھ اس جنگ میں سینہ تان کر کھڑی رہے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورس کے کانسٹیبل سے لیکر ایڈیشنل آئی جی پی تک ہر اہلکارنے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے،جب بھی ملک کو ضرورت پڑے گی توپولیس فورس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو ملک کی بقاء کی اس جنگ میں عوام کے تعاون اور نیک تمنائوں کی ضرورت ہے ، ہم بہادری کے ساتھ یہ جنگ لڑکر جیتیںگے۔ آئی جی پی نے کہا کہ اس وقوعہ میں جو بھی نیٹ ورک ملوث پایا گیا وہ قانون کی گرفت سے بچ نہیں پا سکیں گے۔اور اسے بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔