حیات آباد میں پولیس کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکہ ،

ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹر محمد اشرف نور اور گن مین شہید ،6 افراد زخمی ہوگئے،پو لیس و امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں ،زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا پولیس کیمطابق دھماکہ خودکش تھا ، 15 سے 20 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا ،پشاور بھر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی

جمعہ 24 نومبر 2017 18:39

حیات آباد میں پولیس کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکہ ،
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) پشاور کی جدید بستی حیات آباد میں پولیس کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹر محمد اشرف نور اور گن مین شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے، پشاورمیں پولیس کا ایک اور بہادر سپوت وطن پر جان کی بازی ہار گیا، حیات آباد فیز ٹو میں ایڈیشنل آئی جی اشرف نور خودکش حملے میں شہید ہو گئے، موٹرسائیکل پر خود کش بمبار نے گاڑی کے قریب پہنچتے ہی خود کو اڑا دیا۔

بروز جمعہ ایڈیشنل آئی جی اشرف نور گھر سے دفتر جارہے تھے، دھماکے سے اشرف نور اور ان کے گن مین جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے، دھماکا انتہائی زور دار تھا جس سے اردگرد کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو حصار میں لے لیا، زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک ہے،تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکہ خودکش تھا اور دھماکے میں 15 سے 20 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا دھماکے کے بعد پشاور بھر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ناکہ بندیوں میں اضافہ کر دیا گیا اور جمعتہ المبارک کے باعث پشاور بھر میں مساجد پر پولیس اہلکار نماج جمعہ کے وقت میں ڈیوٹیاں سر انجام دیتے رہے پشاور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں کی گئیں اور سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔