Live Updates

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنمائوں کی پشاور بم دھماکہ کی مذمت

ایڈیشنل آئی جی سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار

جمعہ 24 نومبر 2017 18:39

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنمائوں کی پشاور بم دھماکہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران، خان وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے پشاور بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ایڈیشنل آئی جی سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حملہ دہشت گردی کی بدترین کارروائی ہے، سفاکیت کا ہر حملہ قوم کو دہشت گردی جیسے ناسور کی بیخ کنی کیلئے نئے سرے سے پرعزم کرتا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو نقصان پہچانے والے کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دشمن پاکستان کے طول وعرض میں فساد کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

ارض پاک پر دہشت گردی کے آلاؤ روشن کرنے والوں کی سرکوبی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، قوم افواج پاکستان اور پختونخوا پولیس کے جری شہداء کی مقروض ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ارض پاک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرکے قوم کے ذمہ قرض چکائیں گے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف پختونخوا پولیس کے جوانوں اور افسران کا جذبہ اور عزم قابل رشک ہے۔قوم اپنے خون سے امن کی بنیادیں اٹھانے والے بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔وطن عزیز کو دہشت گردی کے ناپاک وجود سے پاک کئے بغیر سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ تینوں رہنماوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کے لئے دعا کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات