پنجاب کے تمام اضلاع میں کوچز کی تعیناتی کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں‘ جہانگیر خانزادہ

بیڈ منٹن چیمپئن شپ قصور اسکا ثبوت ہے، اضلاع میں جدید جمنیزیم ہالز اور گرائونڈز بنائے ہیں تاکہ کھلاڑی اپنی کارکردگی بہتر بنا سکیں‘صوبائی وزیر کھیل

جمعہ 24 نومبر 2017 18:39

پنجاب کے تمام اضلاع میں کوچز کی تعیناتی کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کوجدید خطوط پر تربیت دینے کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع میں مختلف کھیلوں کے کوچز تعینات کئے گئے ہیں جس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے، کھیلوں کے مقابلوں سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جس سے سپورٹس کو فروغ ملے گا، کھلاڑی محنت سے کھیلیں اور ملک کا نام روشن کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ڈسٹرکٹ بیڈ منٹن چیمپئن شپ قصور کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کھیل نے شاٹ کھیل کر چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، حفیظ بھٹی اور سپورٹس شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں، کھلاڑیوں کیلئے اضلاع میں جدید جمنیزیم ہالز اور گرائونڈز بنائے ہیں تاکہ کھلاڑی اپنی کارکردگی بہتر بناسکیں، ہر ضلع میں سپورٹس کی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں، اضلاع میں مختلف کھیلوں کے کوچز تعینات کئے گئے ہیں تاکہ وہ کھلاڑیوں کو تربیت دیں اور اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، ڈسٹرکٹ بیڈ منٹن چیمپئن شپ قصور کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے، چیمپئن شپ میں ضلع قصور سے سیکڑوں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب باصلاحیت کھلاڑیوں سے ہر طرح کا تعاون کررہا ہے، ہم کھلاڑیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور اپنا ٹیلنٹ دکھائیں، قصور کے بیڈ منٹن کوچ شہزاد لیاقت نے کہا کہ چیمپئن شپ کے انعقاد میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے بھرپور تعاون کیا ہے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب صوبہ بھر میں سپورٹس کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کررہے ہیں جس سے باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔

قبل ازیں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ کا جمنیزیم ہال آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، کھلاڑیوں کا ان سے تعارف کرایا گیا، کھلاڑیوں نے صوبائی وزیر کھیل کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔چیمپئن شپ میں سنگلز کے مقابلوں میں 200سے زائد اور ڈبلز کے مقابلوں میں 30کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :