پشاور خود کش حملے کے بعد پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ،سرچ آپریشنز میں تیزی لانے کے احکامات

داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی سخت چیکنگ ،نماز جمعہ بھی سکیورٹی کے سخت پہرے میں ادا کی گئی تعلیمی اداروں، مساجد امام بارگاہوں سمیت حساس مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایاجائے ‘ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز

جمعہ 24 نومبر 2017 18:36

پشاور خود کش حملے کے بعد پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ،سرچ آپریشنز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) پشاور میں خود کش حملے کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ سرچ آپریشنز میں تیزی لانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ، داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی سخت چیکنگ ،نماز جمعہ بھی سکیورٹی کے سخت پہرے میں ادا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور شہر کے علاقے حیات آباد میں زرغونی مسجد کے قریب خود کش دھماکے میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر اشرف نور کی شہادت اور چھ افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے صوبے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پولیس افسران سکیورٹی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کریں، تعلیمی اداروں، مساجد امام بارگاہوں سمیت حساس مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایاجائے اورسرچ ،سویپ اورانٹیلی جنس آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور نمازیوں کا جامع تلاشی کے بعد مساجد میں داخلے کی اجازت دی گئی ۔

پنجاب کے ائیرپورٹس پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ لاہور ائیرپورٹ آنے جانے والے مسافروں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے ، اے ایس ایف نے اضافی نفری داخلی راستوں پر تعینات کر دی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اصل شناختی کارڈ اور رجسٹریشن کاپی ساتھ لانا لازمی قرار دینے کے ساتھ ایک مسافر کے ہمراہ صرف ایک رشتہ دار کو داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے اورغیر ضروری افراد کو ائیرپورٹ داخلے سے منع کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :