Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا خواتین پر تشدد کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 24 نومبر 2017 18:36

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا خواتین پر تشدد کی روک تھام کے عالمی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواتین کا احترام اور ان کے حقوق کا تحفظ دین اسلام کی تعلیمات کا حصہ ہے اوراسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے،کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔پاکستان کی ترقی میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے اور ملک کی تعمیر وترقی میں خواتین کے کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

کوئی بھی معاشرہ خواتین کو ان کے حقوق دیئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے خواتین پر تشدد کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیاربناکرہی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا اور کسی بھی عورت کے ساتھ صرف عورت ہونے کی بنیاد پرناانصافی ظلم کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی ایک روشن معاشرے کی تشکیل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔انہوںنے کہا کہ تشدد کا شکارخواتین کی داد رسی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کے خلاف تشدد کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے۔

خواتین کی دادرسی اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملتان میں سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر کام کر رہا ہے اور اس سنٹر میں پولیس ،پراسکیویشن ، میڈیکل اور فرانزک کی سہولتیں ایک ہی جگہ پر دستیاب ہیں۔ اپنی نوعیت کایہ پہلا مرکز ہے جو خواتین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے حرکت میں آ کر انصاف فراہم کرتا ہے۔ خواتین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے ہم سب کو مذہبی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں نبھانا ہو ں گی ۔ انہوںنے کہا کہ آج ہمیں حقوق نسواں کیلئے اپنی مذہبی ، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات عمل میں لائیں گے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات