پاکستان میں دہشت گردی کی ذمہ دار افغان حکومت اور ہندوستان ہیں ‘طاہر محمود اشرفی

افغانستان میں بیٹھے دہشت گرد مسلسل پاکستان کے سلامتی کے اداروں ، پولیس اور افواج پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں

جمعہ 24 نومبر 2017 18:16

پاکستان میں دہشت گردی کی ذمہ دار افغان حکومت اور ہندوستان ہیں ‘طاہر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہرمحمودا شرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی ذمہ دار افغان حکومت اور ہندوستان ہیں ، افغانستان میں بیٹھے دہشت گرد مسلسل پاکستان کے سلامتی کے اداروں ، پولیس اور افواج پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ، پاکستان کی طرف سے امن کی بات کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران افغانستان میں بیٹھے دہشت گردوں نے کوئٹہ ، ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں پولیس ، فوج اور سلامتی کے اداروں کے جوانوں کو نشانہ بنایا ہے ، حکومت کو افغان حکومت سے واضح اور دو ٹوک بات کرنی چاہیے اور افغانستان سے پاکستان کے امن سے کھیلنے والے عناصر کو پاکستان کے حوالہ کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت اور افغانستان مل کر پاکستان کے امن سے کھیلنا چاہتے ہیں ، پاکستان کی سرحد سے ملحق علاقوں میں داعش کے کیمپوں کا قائم ہونا پورے خطے کیلئے خطرہ کا سبب ہے ، اور عالمی دنیا کو اس پر توجہ دینی چاہیے ۔ا نہوںنے پشاور میں خود کش حملے میں شہید ہونے والے ایڈیشنل آئی جی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کو ملک و ملت کے عظیم سپوتوں کی شہادت قرار دیتے ہوئے لواحقین کے ساتھ غم اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے سپاہیوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔