دنیامیں شریعت محمدی ؐ کا غلبہ ہو یہ ربیع الاول کا اصل پیغام ہے، مسلم ممالک میں نظام مصطفیٰ کا مکمل نفاذ ہو، آپ ؐ کی حیات طیبہ قیامت تک کی انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے ، آپ ؐ نے معیشت ، زراعت ، تجارت، سیاست اور حکومت کا بہترین نظام دیا ،

اسلامی نظام میں انسانیت کی تما م پریشانیوں کا علاج موجود ہے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کا اجتماع سے خطاب

جمعہ 24 نومبر 2017 18:11

دنیامیں شریعت محمدی ؐ کا غلبہ ہو یہ ربیع الاول کا اصل پیغام ہے، مسلم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ ربیع الاول کا اصل پیغام یہ ہے کہ دنیامیں شریعت محمدی ؐ کا غلبہ ہو، خاص طور پر مسلم ممالک میں نظام مصطفیٰ، صلی اللہ علیہ وسلم کا مکمل نفاذ ہو اور خلافت کے احیا ء کے لیے عالم اسلام متحد ہوکر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے ۔ آپ ؐ کی حیات طیبہ کہ قیامت تک کی انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے ۔

آپ ؐ نے معیشت ، زراعت ، تجارت، سیاست اور حکومت کا بہترین نظام دیا ۔ اسلامی نظام میں انسانیت کی تما م پریشانیوں کا علاج موجود ہے ۔ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور غلامی مصطفی ؐ کا تقاضا ہے کہ ملک میں نظام مصطفے ٰؐ نافذ ہو جائے ۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفے ٰؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ کلمہ کی بنیاد پر بننے والے ملک میں 70سال سے اللہ کے باغی اور سیکولر قوتوں کے غلام حکمران اقتدار پر قابض ہیں جو ملک و ملت کو اسلام سے دور کر رہے ہیں ۔ ملک میں اسلامی قوانین کی بجائے مغرب ویورپ کے قوانین نافذ ہیں اور یہاں عریاں اور فحش تہذیب کو مسلط کیا جارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر دین غالب ہو جائے تو معاشرے سے ظلم و جبر ، بے حیائی ، سودی معیشت اور خواتین کے حقوق کی پامالی جیسے واقعات کا خود بخود خاتمہ ہوجائے گا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان پر مسلط اشرافیہ اسلام کو اپنے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتی ہے حالانکہ اسلام انسانیت کے لیے رحمت اور باطل نظام دنیا کے لیے سراسر تباہی او ر بربادی ہے ۔ اسلام مردوں کی بے حرمتی سے روکتاہے اور جنگ میں بھی درختوں اور فصلوں کو جلانے سے منع کرتاہے جبکہ باطل زندہ انسانوں کو جلانے سے بھی بازنہی آتا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں موجود مغرب کے ذہنی غلام روسی اور امریکی فوجوں کی اسلامی ملک پر چڑھائی پر تالیاں بجاتے ہوئے ان کا استقبال کرتے ہیں ،یہی لوگ ملک میں اسلامی تہذیب و تمدن کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔

سراج الحق نے 25نومبر عالمی یوم تحفظ خواتین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام عورت کو ماں بہن اور بیٹی کے مقدس رشتوں کی حیثیت سے احترام اور عزت و وقار کا مرتبہ دیتاہے جبکہ مغرب نے عورت کو بازار کی زینت بنا کر اس کا استحصال کیا ہے ۔ معمولی اشیاء کی فروخت کے لیے بھی عورت کو اشتہار کے طور پر استعمال کیا جاتاہے اور مغرب میں شدید سردی میں بھی دفاتر اور فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین مختصر لباس پہننے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار اور محافظ ہے جس نے عورت کو باپ اور خاوند کی جائیداد میں باقاعدہ حصہ دار بنایا ہے ۔