ملک کا بچہ بچہ کرپٹ مافیا کے خلاف ہو گیا ہے،محمودخان

پی ٹی آئی نے اقتدار کو تجارت کا ذریعہ بنانے کی بجائے ملک سے کرپشن جیسے بنیادی مسئلے کے خاتمے کیلئے سیاسی بقاء کو پس و پشت ڈال کر نہایت دلیری کے ساتھ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں، وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا

جمعہ 24 نومبر 2017 18:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اقتدار کو تجارت کا ذریعہ بنانے کی بجائے ملک سے کرپشن جیسے بنیادی مسئلے کے خاتمے کیلئے سیاسی بقاء کو پس و پشت ڈال کر نہایت دلیری کے ساتھ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں جس کے نتیجے میں آج ملک کا بچہ بچہ کرپٹ مافیا کے خلاف ہو گیا ہے اور عوام کی طرف سے پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کو بھر پور پزیرائی مل رہی ہے اور آئے روز مختلف سیاسی پارٹیوں کے اہم کار کنان پی ٹی آئی میں جوق درجوق شامل ہو رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاندم ضلع سوات میں ایک عظیم الشان شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ جلسے سے رکن قومی اسمبلی سیلم الرحمن اور دیگر مقر رین نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ اور اہم شحصیات جن میں شیرین گل ، حاجی زبردست خان ، بحرہ مند خان ، حسین شاہ خان جنرل کونسلرز میاں شجاعت علی ، زیور علی ، سجاد علی ، یوتھ کونسلر انور خان ، کسان کونسلر ایوب خان ، امیر زادہ خان ، علی باش خان،خائستہ اور میاں نظر نے اپنے اپنے خاندانوں اور سیکنڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

صوبائی وزیر محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کرپشن کے خلاف مثالی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ اداروں با الخصوص ، صحت و تعلیم کو فعال بنانے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے جسکا اعتراف مخالفین بھی کر رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کی خواہش مند ہے ملک میں انصاف اور میرٹ کا نظام قائم کرکے ملک کو خود مختار بنانے کے ساتھ ساتھ حقیقی ترقی سے ہمکنار کرنا چاہتی ہے اسلئے ملک کے غیور عوام 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں او ر ملک کا وزیر اعظم عمران خان ہوگا۔

محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی روایتی نہیںبلکہ ایک نئی سوچ اور نظرئیے کی جماعت ہے جسکی وجہ سے یہ پورے پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کسی کی ذات یا مخصوص پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ پاکستا ن کی بقاء و سا لمیت کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاغذی شیرواور نام نہاد پختونوں کے حقوق کے علمبرداروں کا سیاہ دور گزر چکا ہے اور اب عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اب عوام ان لٹیروں اور ڈاکوئوں کی چالوں میں ہر گز نہیں آئینگے۔

متعلقہ عنوان :