وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے نا اہلی کیس میں تحریری جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا، درخواست پر اعتراضات اٹھا دیئے

درخواست گزار کی الیکشن پٹیشن اور نظر ثانی درخواست مسترد ہوچکی،ملازمت کے کنٹریکٹ کی کبھی تردید نہیں کی، آئی ایم ای سی ایل کا لیگل ایڈوائزر ہوں،تحریری جواب

جمعہ 24 نومبر 2017 18:00

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے نا اہلی کیس میں تحریری جواب اسلام آباد ..
ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے نااہلی کیس میں اپنا تحریری جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیا جس میں انہوں نے اپنے خلاف درخواست پر اعتراضات اٹھادیئے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے 23 صفحات پر مشتمل تحریری جواب میں کہا گیا کہ درخواست گزارکی الیکشن پٹیشن اور نظرثانی درخواست مسترد ہوچکی ہے ،ْدرخواست گزار نے عدالت سے رجوع کرتے وقت بعض حقائق چھپائے۔

خواجہ آصف نے جواب میں کہا کہ ملازمت کے کنٹریکٹ کی کبھی تردید نہیں کی، آئی ایم ای سی ایل کمپنی کا لیگل ایڈوائزرہوں، یہ بات درست ہے، بطور لیگل ایڈوائزر کمپنی کو قانونی مشاورت فراہم کررہا ہوں، کمپنی کے ساتھ کاروباری مراسم سے درخواست گزارکا کچھ لینا دینا نہیں۔

(جاری ہے)

جواب میں کہا گیا کہ یہ درست ہے کہ غیر ملکی کمپنی کے ساتھ وابستہ ہوں لیکن یہ درست نہیں کہ 50 ہزاردرہم کی رقم کبھی ظاہرنہیں کی،50ہزاردرہم کی رقم ٹیکس ریٹرن میں فارن انکم کے طورپر ظاہرکی۔

جواب میں کہا گیا کہ عثمان ڈارقانون کی خلاف ورزی کی نشاندہی نہیں کرسکے، درخواست گزار نے تمام دستاویزات کاغذات نامزدگی سے حاصل کیں۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف درخواست تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے دائر کی ہے جس میں انہوں نے اقاما کی بنیاد پر خواجہ آصف کی نااہلی کی استدعا کی ۔

متعلقہ عنوان :