چودھری محمد برجیس طاہر کا ایڈیشنل آئی جی خیبرپختونخوا محمد اشرف نور کی شہادت پر دکھ کا اظہار

محمد اشرف نور انتہائی قابل پولیس افسر تھے، شہادت سے ملک وقوم کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا، قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، وفاقی وزیر امور کشمیر

جمعہ 24 نومبر 2017 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرنے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پولیس کے ایڈیشنل آئی جی محمداشرف نور کی پشاور دھماکے میں شہادت پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمداشرف نورایک انتہائی قابل پولیس افسرتھے اوراُن کی شہادت سے ملک وقوم کو ایک بڑا نقصان اٹھانا پڑاہے ۔

انہوںنے کہا کہ مادر وطن کو دہشت گردوں سے نجات دلانے کی جدوجہد میں شہید ہونے والے شہدا ء کا خون راہیگاں نہیں جائے گا اور وہ اپنے خون کی قربانی سے پاکستان کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنارہے ہیں جس کے لیے پوری پاکستانی قوم اُن کی احسان مند ہے اور اُن کی قربانیوں کو روز قیامت تک یادرکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشت گردوں کی باقیات کا جلد خاتمہ کیا جاے گا ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترین حکمت عملی اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کے باعث ملک کے طول و عرض میں حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے اور چھپے ہوے دہشت گردوں کا میجر اسحاق اور ایڈیشنل ای جی محمد اشرف نور جیسے درجنوں افسران اور سیکورٹی اداروں کے جوان اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کر کے خاتمہ کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے طول و عرض میں سو فیصد امن قائم کر دیا جائے گا ۔

وفاقی وزیر نے دُعا کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں اللہ رب العزت شہید ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کے خاندان کو صبر وجمیل عطا فرمائے۔