تاجروں کو ٹیکس ریفنڈ جلد شروع کیا جائیگا،سندھ میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے ، ممنون حسین

تاجروں ،صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،سی پیک پاکستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہے،منصوبے کے تحت کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جائیگا جس سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچے، صدر مملکت کی تاجروں کے وفد سے گفتگو

جمعہ 24 نومبر 2017 17:59

تاجروں کو ٹیکس ریفنڈ جلد شروع کیا جائیگا،سندھ میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے تاجروں کوٹیکس ریفنڈ بہت جلد شروع کیا جائیگا تاکہ تاجر برادری کا حکومتی اداروں پر اعتماد بڑھے اور وہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیکس جمع کرائیں۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں ملک عمر دین کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کے صنعتی زون کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے۔ کچھ عرصہ قبل کراچی کی صورت حال خراب تھی،حکومت نے بڑی محنت سے امن وامان کی صورتِ حال کو بہتر بنایا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ سندھ میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے اور کراچی گرین لائن بس سروس منصوبہ جو کراچی میں اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اس منصوبے سے کراچی کے لاکھوں افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت مقامی صنعت کو مستحکم کرنے کیلیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہے۔ انھوں نے تاجروں کی یقین دلایا کہ سی پیک کے تحت کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچے۔صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک کے تحت اکنامک زون کے تحت صنعتی زونز میں پاکستانی صنعت کاروں کو برابر کی نمائندگی ملے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کا ایک بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائم بھی ہے جس کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وفد کے چیئرمین ملک عمر دین نے صدر مملکت کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ صنعت و تجارت کی بہتری کے لیے موجودہ حکومت شاندار کام کر رہی ہے۔