فیڈریشن الیکشن، یو بی جی رہنمائوں کا اجلاس، انتخابی مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 24 نومبر 2017 17:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی )نے فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)میں 29دسمبر کو ہونے والے سالانہ انتخابات کیلئے مختلف کمیٹیاں قائم کرکے ورکنگ گروپ کو بھرپور انداز میں فعال ہونے کا ٹاسک سونپ دیا۔ یو بی جی کے اہم ترین رہنمائوں کا اجلاس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرکی صدارت میں گزشتہ روز مرزااشتیاق بیگ کی رہائشگاہ پر ہوا۔

اجلاس میں سینیٹر عبدالحسیب خان،یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز،خالد تواب، عبدالسمیع خان،ممتاز شیخ،یو بی جی کی جانب سے سینئرنائب صدارت کے امیدوار مظہراے ناصر،وحیداحمد،طارق حلیم،ارشدفاروق،محمدسلیم بکیا،شاہین الیاس سروانہ،سلمان اسلم،رضوانہ شاہد،ناہیدمسعود،سعیدہ بانواور دیگر ممبران شریک تھے، اجلاس میں یو بی جی رہنمائوں کی جانب سے امیدواروں کی نامزدگی کے عمل میں جمہوری تقاضوں کو پورا کرنے کو سراہا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمارے مخالف گروپ کے پاس الیکشن کیلئے امیدوار بھی نہیں ہیں مگر اس کے باوجود ہم جمہوری تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مخالفین کو الیکشن کے میدان سے آئوٹ کریں گے۔ یونائٹیڈ بزنس گروپ کے ترجمان گلزار فیروز کے مطابق اجلاس میں تمام رہنمائوں نے ایس ایم منیر اور گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک پر اعتماد کا اظہار کیا اور انکے تمام فیصلوں کی توثیق کی۔

اجلاس میں الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو فیڈریشن کے تمام ممبران سے رابطے میں رہیں گی۔اس کے علاوہ الیکشن مہم کمیٹی،الیکشن آفس،ٹرانسپورٹ کمیٹی،فنڈز مینجمنٹ ،ہوٹل مینجمنٹ اوردیگر کمیٹیوں کو ذمہ داریاں دی گئیں۔اجلاس میں فیڈریشن کے آئندہ انتخابات میں یو بی جی کے تمام عہدوں پر حصہ لینے والے امیدواروں کی نامزدگی کو سراہا گیا جبکہ فیڈریشن کے موجودہ صدرزبیرطفیل کی بزنس کمیونٹی اور بالخصوص ایکسپورٹرز کے سیلزٹیکس ریفنڈز دلوانے کیلئے کی گئی مسلسل جدوجہد پرخراج تحسین پیش کیاگیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے مزید کہا کہ فیڈریشن سے ہم نے کرپشن اور بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا ہے، یو بی جی میں جمہوری ماحول ہے جہاں تمام فیصلے باہمی رضامندی سے کئے جاتے ہیں، ہمارے ساتھ فیڈریشن میں مزید لوگ شامل ہورہے ہیں اور ہمارے گروپ کی طاقت مزید مضبوط ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :