سندھ پولیس نے کراچی میں مستقل قیامِ امن کیلئے بہترین منصوبہ بندی کرلی ہے، پولیس پر کوئی سیاسی دبائو نہیں، ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان کی تاجروں کو یقین دہانی

جمعہ 24 نومبر 2017 17:41

سندھ پولیس نے کراچی میں مستقل قیامِ امن کیلئے بہترین منصوبہ بندی کرلی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ سندھ پولیس نے کراچی میں مستقل قیامِ امن کیلئے بہترین منصوبہ بندی کرلی ہے، پولیس پر کوئی بھی سیاسی دبائو نہیں، پہلے سے زیادہ حوصلہ مند اور ہر طرح کے دبائو سے آزاد ہے، پولیس کے جوان جرائم کے خلاف ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

وہ آل پاکستان کنفیکشنری ایسوسی ایشن اور نانک واڑہ میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کیئے گئے ایک تاجر کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں جلد ہی کامیابی حاصل کرلینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں کی ہمت افزائی سے پولیس کو بے پناہ حوصلہ ملا ہے، انھوں نے رات کے اوقات میں دکانوں کے تالے توڑ کر ڈکیتی کے واقعات کو تشویشناک اور مارکیٹوں میں سی سی وی ٹی کیمروں کی تنصیب کو ناگزیر قرار دیا، اس موقع پر سندھ رینجرز 61ونگ کے سیکنڈ ونگ کمانڈر میجر شبیر،ایس پی سٹی شہلا قریشی، تاجر رہنما عتیق میر، جاوید حاجی عبداللہ، فرید قریشی، اکرم رانا، آصف گلفام، شرجیل گوپلانی، احمد قادری، زبیر احمد خان، طارق ممتاز، معروف عالمِ دین اور تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

سیکنڈ ونگ کمانڈر سندھ رینجرز میجر شبیر نے کہا کہ رینجرز نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر حکمتِ عملی بنالی ہے جوکہ جرائم کے خلاف مئوثر آپریشن کی صورتمیں واضح طور پر نظر آئیگی، تاجر رہنما عتیق میر نے شہر میں امن و امان کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کیلئے پوری تاجر برادری پولیس کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال کے باوجود مجرموں کے خلاف مستعد رہنے کی ضرورت ہے، ظاہری طور پر پُرامن نظر آنیوالے شہر میں چھپے ہوئے جرائم پیشہ عناصر تاجروں اور شہریوں پر شب خون مارنے کیلئے موقع کی تلاش میں ہیں جن کے خلاف مئوثر قانون سازی اور انصاف کے اداروں کو مضبوط اور زیادہ فعال کرنے کی ضرورت ہے، انھوں نے تاجروں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے مابین بہتر روابط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جرائم کے خلاف کامیاب آپریشن تاجروں اور اداروں کے مابین بہترین روابط اور باہمی صلاح مشورے کا نتیجہ ہے، پروگرام کے میزبان حاجی جاوید عبداللہ نے پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تاجر برادری شہید پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کی مالی معاونت کریگی، آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین شرمیل گوپلانی نے لیاری اور اسکے اطراف کی مارکیٹوں میں قیامِ امن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس شہر میں ماضیِ قریب میں ہونے والے آپریشن میں پولیس کے شہداء کی فہرست فراہم کرے تاجر برادری ان کی بھرپور مدد کریگی، پروگرام کے آرگنائزر احمد قادری نے اعلان کیا کہ مختلف مارکیٹوں کی تنظیموں کی جانب سے مستقبل میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کے تحت پروگرام منعقد کئے جائینگے تاکہ اداروں کی بہتر کارکردگی کو سراہنے کی صورت میں جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی اور جرائم کی بیخ کنی ہوسکے ۔

متعلقہ عنوان :