تاجروں کوٹیکس ریفنڈ بہت جلد شروع کیا جائے گا ،

سی پیک کے تحت قائم اقتصادی و صنعتی زونز میں پاکستانی صنعتکاروں کو برابر کی نمائندگی ملے گی، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے کراچی میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بڑھا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہے صدر مملکت ممنون حسین کی تاجروں کے وفد سے گفتگو

جمعہ 24 نومبر 2017 17:21

تاجروں کوٹیکس ریفنڈ بہت جلد شروع کیا جائے گا ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تاجروں کوٹیکس ریفنڈ بہت جلد شروع کیا جائے گا تاکہ تاجر برادری کا حکومتی اداروں پر اعتماد بڑھے اور وہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹیکس جمع کرائیں، سی پیک کے تحت قائم اقتصادی و صنعتی زونز میں پاکستانی صنعتکاروں کو برابر کی نمائندگی ملے گی، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے کراچی میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایوان صدر میں ملک عمر دین کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کے صنعتی زون کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے، کچھ عرصہ قبل کراچی کی صورتحال خراب تھی، حکومت نے بڑی محنت سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سندھ میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اور کراچی گرین لائن بس سروس منصوبہ جو کراچی میں اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے جلد مکمل کر لیا جائے گا جس سے کراچی کے لاکھوں افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی صنعت کو مستحکم کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ سی پیک کے تحت کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک کے تحت قائم اقتصادی و صنعتی زونز میں پاکستانی صنعتکاروں کو برابر کی نمائندگی ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کا ایک بڑا مسئلہ سٹریٹ کرائم بھی ہے جس کے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وفد کے چیئرمین ملک عمر دین نے صدر مملکت کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ صنعت و تجارت کی بہتری کیلئے موجودہ حکومت شاندار کام کر رہی ہے۔