موبائل فون چرانے کے معاملے پر بچوں نے 25سالہ آدمی کو قتل کر دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 24 نومبر 2017 16:50

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 24نومبر 2017ء ):موبائل فون چرانے کے معاملے پر بچوں نے 25سالہ آدمی کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے دارلحکومت دہلی میں پیش آیا جہاں سکول کے طالبعلموں نے موبائل فون چوری کے الزام لگانے پر 25سالہ آدمی کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔یہ واقعہ چلتی بس میں پیش آیا۔مذکورہ بس پنجابی باغ سے بدرپور جا رہی تھی جبکہ قتل ہونے والا شخص لجپات نگر سے بس میں سوار ہوا ۔

(جاری ہے)

جب بس آشرم چوک پہنچی تو 13سے 16سالوں کے درمیان کے کچھ بچے اس پر سوار ہوئے ۔ شروع میں تو سب ٹھیک رہا لیکن ایک دم ہی بچوں اور اس آدمی میں تکرار شروع ہو گئی ،عینی شاہدین کے مطابق مقتول نے بچوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے اسکے موبائل کو چوری کیا ہے جس پر جھگڑا بڑھا اور ان میں سے ایک بچے نے آدمی کے گلے پر چاقو سے حملہ کر کے صرف ایک ضرب لگائی جس کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ آدمی موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔بچوں نے بس کے ڈرائیور کو دھمکایا کے کہ وہ اپنا منہ بند رکھے اور اس کے بعد بس سے اتر کر فرار ہو گئے ۔پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔