چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی زیر قیادت عدالتی وفد کا لندن ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ کا دورہ

جمعہ 24 نومبر 2017 16:55

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی زیر قیادت عدالتی وفد کا ..
لندن/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) چیف جسٹس جسٹس سید منصور علی شاہ کی قیادت میں لاہور ہائی کورٹ کے وفد نے لندن میں ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ کا دورہ کیا اور سینئر ڈسٹرکٹ جج (چیف مجسٹریٹ) ایما آربو تھناٹ اور ڈپٹی سینئر ڈسٹرکٹ جج ٹن اکرم سے ملاقات کی۔ جنہوں نے انگلینڈ کی مجسٹریٹ کورٹس میں تعینات کیس مینجمنٹ کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ عدالتوں کے تنظیمی ڈھانچے کے بارے میں وفد کو بتایا۔

انہوں نے مختلف میکانیزم کو بھی بیان کیا جس کے تحت جوڈیشل کمپلینٹس انویسٹی گیشن آفس میں ججوں کے کنڈکٹ کے بارے میں تحقیقات کی جاتی ہیں۔ انہوں نے عدالتوں اور پریس آفس کے مابین رابطے کے طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی اور اس حوالے سے انتظامی ججز کیلئے تربیتی کورسز کے بارے میں بھی بتایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے وفد نے پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں کیس مینجمنٹ پلان کے نفاذ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہر ضلعی میں خصوصی عدالتیں، مصالحتی مراکز اور فوجداری و ماڈل کورٹس قائم کی گئی ہیں۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیاکہ دو طرفہ عدالتی تعلقات سے انصاف کے معیار کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ایما آربو تھناٹ اور ٹن اکرم کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ بعد ازاں اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل ویسٹ یارکشائر پولیس مسٹر روس فوسٹر، سائوتھ یارکشائر پولیس کے مسٹر عارف اور کریگ برگس نے چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ اور وفد سے ملاقات کی، جس میںدوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور زیر گفتگوآئے۔ فاضل چیف جسٹس نے انہیں یادگاری شیلڈز بھی دیں۔