اسحاق ڈار کے ضامن نے انہیں پیش کرنے کیلئے عدالت سے تین ہفتوں کی مہلت مانگ لی،

سماعت 29 نومبر تک ملتوی عدالت وزیر خزانہ کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط نہ کرے، 3 ہفتوں کی مہلت دے، ضامن احمد علی قدوسی کی استدعا

جمعہ 24 نومبر 2017 16:29

اسحاق ڈار کے ضامن نے انہیں پیش کرنے کیلئے عدالت سے تین ہفتوں کی مہلت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی نے انہیں احتساب عدالت میں پیش کرنے کیلئے تین ہفتوں کی مہلت طلب کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت اسحاق ڈار کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط نہ کرے اور 3 ہفتوں کی مہلت دے۔ جمعہ کو احتساب عدالت میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

وزیرخزانہ کی جانب سے ان کے ضامن احمد علی قدوسی عدالت میں پیش ہوئے اور شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرایا۔ضامن کے جواب میں استدعا کی گئی کہ اسحاق ڈار لندن میں زیر علاج ہیں اسی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہورہے، عدالت اسحاق ڈار کا 50 لاکھ روپے کا زرِضمانت ضبط نہ کرے اور ہمیں 3 ہفتوں کی مہلت دی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے اسحاق ڈار کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط کرنے کے معاملے پر نیب سے دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کو عدم حاضری کے باعث اشتہاری قرار دے چکی ہے جب کہ گزشتہ سماعت میں ان کے ضامن احمد علی قدوسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اخبار میں اشتہار شائع کرکے طلب کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ کیوں نہ آپ کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط کرلی جائے۔

متعلقہ عنوان :