حکومت خواتین کو ہر قسم کے تشدد کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 24 نومبر 2017 16:21

حکومت خواتین کو ہر قسم کے تشدد کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،سپیکر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کو ہرقسم کی استحصال اور تشدد کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 25نومبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

سپیکر نے خواتین کے خلاف تشدد کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو دنیامیں ہرجگہ ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جس کے اثرات آنے والی نسلوں پر پڑتے ہیں جو معاشرے کے بنیادی سماجی ڈھانچے کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قوتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک میں ہر شخص کو عزت اور خود اعتمادی سے زندگی بسر کرنے اور ہر شعبہ میں آگے آنے کے مساوی مواقع میسر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ملک کی نصف آبادی جو خواتین پر مشتمل ہے کے مسائل سے باخوبی آگاہ ہے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کو حل کرنے کو تر جیحی بنیادوں پر زیر غور لایا جاتا ہے ۔سپیکر نے کہا کہ خواتین کو قومی دھارے میں لانے اور سر کاری ملازمتوں میںان کی شر کت کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری ملازمتوں میں ان کا کو ٹہ 5%سے بڑھا کر 15%کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کے لیے ملک بھر میں فوری تدارک کے مراکز قائم کیے گئے ہیں ۔سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قائم ویمن پارلمینٹری کاکس خواتین اراکین کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے اور وہ ملک بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مصروف عمل ہیں ۔سر دار ایازصادق نے سول سوسائٹی غیر سر کاری تنظیموں ،میڈیاکارپوریٹ سیکٹر اور خصوصا خواتین کو آگے آنے اور خواتین پر ہونے والے تشدد کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں خواتین ملکی ترقی اور خوشحالی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد ،استحصال اور امتیازی سلوک ملکی تر قی میں خواتین کے کردار کو روکنے کے مترادف ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میں صرف وہی معاشرے تر قی کر سکتے ہیں جو مساوات ،غیر امتیازی سلوک کے اصولوں پر مبنی ہو ں گے ۔