اگر قائم مقام صدر مملکت کا احترام نہیں کیا جائے گا تو معاشرے کے دیگر طبقات کا احترام کیسے ہوگا،جہانزیب جمالدینی

جمعہ 24 نومبر 2017 16:15

اگر قائم مقام صدر مملکت کا احترام نہیں کیا جائے گا تو معاشرے کے دیگر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی قواعدوضوابط اور استحقاق کے چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے قائم مقام صدر کے دورہ کراچی کے موقع پر پروٹوکول نہ دینے کی تحریک استحقاق پر کہا کہ اگر قائم مقام صدر مملکت کا احترام نہیں کیا جائے گا تو معاشرے کے دیگر طبقات کا احترام کیسے ہوگا۔ اس معاملے کو ایسے نہیں چھوڑا جاسکتا ۔

اس سے قبل بھی انتہائی اہم شخصیات کے ساتھ کئی بار ایسے ہوچکا ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ ، متعلقہ پروٹوکول آفیسر اور ڈپٹی کمشنر آئندہ اجلاس میں شرکت یقینی بناکر وضاحت پیش کریں۔تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں سینیٹر ز سردار یعقوب خان ناصر ، زاہدہ خان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سینٹ قائمہ کمیٹی تحفظ خوراک کے چیئرمین سینیٹر سید مظفرحسین شاہ کی این اے آر سی کی زمین کو رہائشی اور تجارتی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کی کمیٹی کی سفارش پر عمل درآمد نہ ہونے کی تحریک استحقاق پر سیکرٹری کیڈ نے بتایا کہ وزیر اعظم بھجوائی گئی سمری کو واپس لینے پر رضامند ہیں ۔ سی ڈی اے نیس پاک کے ذریعے این اے آر سی کی زمین اور تمام موجودعمارات کا سروے کرکے بمعہ نقشہ جات وزیر اعظم ہاؤس ،وزارت تحفظ خوراک اور وزارت کیڈ کو تفصیلات جمع کروائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ لیز میں توسیع کے لیے این آر سی سے متعلقہ کاغذات فراہم کردہ دستاویزات کے بعد لیز میں توسیع کردی جائے گی۔ معاملہ نمٹادیا گیا ۔ سینیٹر اعظم سواتی کی طرف سے حلقہ 21میں ترقیاتی منصوبوں کی مکمل تفصیلات فراہم نہ کرنے کی تحریک استحقاق پر سیکرٹری ورکس نے بتایا کہ پی ڈبلیو ڈی کے ہیڈ کواٹر اور ایبٹ آباد دفترمیں تمام تفصیلات موجود ہیں ۔

محرک سینیٹر کو بھی فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ حلقہ میں پی ایس ڈی پی کے علاوہ ایم ڈی جیز اور ایس ڈی جیز کے فنڈ ز سے بھی ترقیاتی کام جاری ہیں۔ بلوچستان میں ہونے والے واقع کے بارے میں وزارت داخلہ کی نامکمل معلومات کی تحریک استحقاق پر بتایا گیا کہ وزارت داخلہ نے متعلقہ صوبائی اداروں کو معلومات فراہمی کے لیے خطوط کے علاوہ فیکس بھی بھجودیئے تھے۔

آئند ہ اجلاس میں ہوم سیکرٹری بلوچستان کو طلب کرلیا گیا۔ سینیٹر سید مظفر حسین شاہ کی طرف سے پی آئی اے کی کارکردگی کے بارے میں ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد نہ ہونے کی تحریک استحقاق پر سیکرٹری سول ایوی ایشن ڈویژن نے بتایا کہ زیاد ہ تر سفارشات پر عمل درآمد ہوگیا ہے۔ ایک معاملے پر مشیر ہوابازی وزیر اعظم اگلے اجلاس میں اپنا موقف کمیٹی میں پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :