بولی وڈ فلم پدماوتی کے خلاف ہندوستان میں جاری احتجاج بدترین شکل اختیارکرگیا

جیپور میں موجود نہارگڑھ قلعے کے دروازے پر ایک شخص کی لاش لٹکی پائی گئی ہے،لاش کے قریب موجود چند پتھروں پر ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی کے خلاف نعرے بھی تحریر کیے گئے

جمعہ 24 نومبر 2017 15:52

بولی وڈ فلم پدماوتی کے خلاف ہندوستان میں جاری احتجاج بدترین شکل اختیارکرگیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء) بولی وڈ فلم پدماوتی کے خلاف ہندوستان میں جاری احتجاج بدترین شکل اختیار کرتا جارہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جیپور میں موجود نہارگڑھ قلعے کے دروازے پر ایک شخص کی لاش لٹکی ہوئی پائی گئی ہے۔صرف یہی نہیں، لاش کے قریب موجود چند پتھروں پر ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی کے خلاف نعرے بھی تحریر کیے گئے ہیں۔

ان پتھروں پر ہم پتلے نہیں جلاتے، قتل کرتے ہیں جیسے نعرے تحریر کیے گئے۔ایسا شاید پہلی بار ہوا ہوگا جب ہندوستان میں کسی فلم کے خلاف جاری مظاہروں نے ایسا رخ اختیار کیا ہو۔قریب موجود لوگوں کی جانب سے لاش کی موجودگی کی اطلاع پر جے پور کی پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی۔تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوا کہ اس شخص نے خودکشی کی تھی یا پھر اس کا قتل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

لاش کے پاس سے برآمد ہونے والے کارڈ کے مطابق اس شخص کا نام چیتن تھا، جس کا گلا پلاسٹک کے وائر سے دبایا گیا۔اس واقع کے بعد ہندوستانی انتہا پسند جماعت راجپوت کرنی سینا کے ممبر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنا پہغام دینے کا کوئی طریقہ نہیں، پدماوتی کے خلاف مظاہرہ کرنا جائز ہے، لیکن اس کے لیے ایسا قدم اٹھانا ٹھیک نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کی جماعت کبھی بھی فلم کے خلاف مظاہرے کو ایسی شکل نہیں دیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے فلم کی مرکزی اداکارہ دپیکا پڈوکون کو ہندو انتہا پسند جماعت نے دھمکی دی تھی کہ اگر فلم پدماوتی ریلیز ہوئی تو وہ ان کی ناک کاٹ دیں گے۔۔

متعلقہ عنوان :