عبدالرشیدترابی کی ترک پارلیمنٹ کے سپیکر اسماعیل کہرمان سے اہم ملاقات،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

قبرص کی طرح کشمیر کو بھی اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں،تر ک پارلیمنٹ کے سپیکر اسماعیل کہرمان ترک پارلیمنٹ کے سپیکر پارلیمانی وفد کے ہمراہ آزادکشمیر کا دورہ کریں،ہندوستان کے مظالم سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کو خود دیکھیں ،عبدالرشید ترابی ترک پارلیمنٹ کے سپیکر عبدالرشید ترابی کی دعوت پر پارلیمانی وفد کے ہمراہ جلد مظفرآباد کا دورہ کریں گے

جمعہ 24 نومبر 2017 15:42

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے ترک پارلیمنٹ کے سپیکر اسماعیل کہرمان سے پارلیمنٹ میں اہم ملاقات کی ،مسئلہ کشمیر سمیت باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے ترک پارلیمنٹ کے سپیکر کو آزادکشمیر دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ،عبدالرشید ترابی نے ترک پارلیمنٹ کے سپیکر کو مقبوضہ کشمیر میںہندوستانی افواج کی طرف سے مظالم کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور تقاضا کیا کہ ترکی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے ،ترک حکومت اور قیادت سے کشمیری توقع رکھتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حقیقی کردار ادا کرے گی ،اس وقت ترک حکومت اور قیادت امت مسلمہ کی حقیقی ترجمانی کا حق ادا کررہی ہے اہل کشمیر دعا گو ہیں کہ ترکی کی قیادت کو اللہ تعالیٰ اپنی حفظ و امان میں رکھے ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ عالمی سطح پر اس وقت ترکی کا اچھا مقام ہے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور اس کے حل کے لیے اقدامات کی اشد ضرورت ہے کشمیری پرامن حل کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہندوستان ہٹ دھرمی ترک کرنے کو تیار نہیں اور کشمیریوں کو اپنا حق مانگنے کی پاداش میں گاجر مولی کی طرح کاٹ رہا ہے ،ترکی کے صدر طیب اردگان وزیر اعظم اور سپیکر سے کشمیریوں کو توقعات وابستہ ہیں طیب رجب اردگان نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی جس پر اہل کشمیر ان کے شکر گزار ہیں اس موقع پر ترکی کے سپیکر اسماعیل کہرمان نے کہاکہ ترکی کی حکومت اور عوام اہل کشمیر کے ساتھ ہیں ترکی کی حکومت قبرص کی طرح کشمیرکو بھی اپنا مسئلہ سمجھتی ہے دنیا میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو ،ترکی کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی ہر فورم پر آواز بلند کریں گے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت اور تائید کرتے ہیں ہندوستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کرے ،ترکی کے سپیکر نے عبدالرشید ترابی کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمانی وفد کے ہمراہ جلد مظفرآباد کا دورہ کریں گے ۔