الیکشن سے دستبرداری کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، اڑھائی سالوں میں مری روڈ کا نہ بننا سوالیہ نشان ہے، عنایت الله خان جدون

جمعہ 24 نومبر 2017 14:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما عنایت الله خان جدون نے کہا ہے کہ الیکشن سے دستبرداری کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، اڑھائی سالوں میں مری روڈ کا نہ بننا سوالیہ نشان ہے، مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہمیشہ ہزارہ میں ترقی ہوئی، سیاست پروقار طریقہ سے ہی اچھی لگتی ہے۔

جمعہ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عنایت الله خان جدون نے کہا کہ ایبٹ آباد کا مری روڈ اڑھائی سالوں سے نہیں بن رہا ہے، یوسف ایوب خان نے ایبٹ آباد بائی پاس کا منصوبہ ہری پور منتقل کروا لیا ہے، 11 کروڑ والی جگہ پر ڈیڑھ ارب روپے لگائے جا رہے ہیں، الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالہ سے عنایت الله خان جدون نے کہا کہ ابھی اس حوالہ سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، میرا جنبہ، گروپ اور پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کرے گی، وہ جو فیصلہ بھی کریں گے اپنے لوگوں اور پارٹی کی مشاورت کے ساتھ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹروے 27 دسمبر کو ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی، ہم نے اپنے پانچ سالہ دور میں حلقہ کے لوگوں کی بھرپور خدمت کی ہے، الله تعالیٰ کا بہت بڑا کرم ہے کہ ہم نے حکومت کا ایک پیسہ بھی نہیں کھایا، ان کے والد مرحوم کا بھی یہی طریقہ ساری زندگی رہا ہے کہ انہوں نے اپنی جیب سے خرچ کر کے سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق غنی کے پاس دو دو وزارتیں رہی ہیں، پانچ سالوں میں دو دو وزارتیں رکھنے کے باوجود انہوں نے کون سے تیر مارے ہیں، ہم نے ایبٹ آباد کیلئے گریوٹی فلو سکیم کا میگا پراجیکٹ دیا، ان کے دور میں ایبٹ آباد شہر میں پانی کی قلت کا بہت بڑا مسئلہ تھا جس کو حل کرنے کیلئے ہم نے ساڑھے چار ارب روپے کا گریوٹی فلو سکیم کا منصوبہ حاصل کیا، جس شخص نے گریوٹی فلو سکیم کا منصوبہ تباہ کیا اسے کوئی پوچھتا تک نہیں ہے۔

عنایت الله خان جدون نے کہا کہ آپ تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں ہزارہ میں جب بھی کوئی ترقی ہوئی یا میگا پراجیکٹ صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ہوئے ہیں، ہزارہ میں سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی جتنی بھی ترقی ہوئی ہے وہ صرف مسلم لیگ (ن) کے گذشتہ دور میں ہوئی ہے، ہزارہ کے لوگ آج بھی یہی سڑکیں استعمال کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :