صوبائی تقریری مقابلوں میں جامعہ ہری پور نے بالترتیب پہلی،

دوسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کر لی

جمعہ 24 نومبر 2017 14:43

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) صوبائی تقریری مقابلوں میں جامعہ ہری پور سے تعلق رکھنے والے آفتاب احمد، ایمن اور مریم فرید نے بالترتیب پہلی، دوسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ صوبائی تقریری مقابلہ جو ہینس سائیڈل فائونڈیشن پاکستان اور یونیورسٹی آف پشاور کے مشترکہ تعاون سے پشاور یونیورسٹی میں منعقد ہوئے، کے پارلیمانی مباحثہ میں صوبہ بھر کی 12 منتخب یونیورسٹیوں نے حصہ لیا۔

مباحثہ کا مرکزی موضوع وفاقیت اور اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کا کردار تھا۔ مقابلہ تین مراحل پر مشتمل ہے، پہلا مرحلہ زون جبکہ دوسرا مرحلہ صوبائی سطح کے مقابلے پر مشتمل تھا جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے کا انعقاد قومی سطع پر ہو گا اور قومی سطع پر جیتنے والے دو بہترین مقرروں کو جرمنی کا مطالعاتی دورہ کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی سطح پر منعقد ہونے والے اس مقابلہ میں 12 یونیورسٹیوں کے 60 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 8 امیدواروں کو قومی سطع کے مقابلے کیلئے منتخب کیا گیا۔

یونیورسٹی آف ہری پور سے تعلق رکھنے والے آفتاب احمد (فارسٹری اینڈ وائلڈ لائف)، ایمن (آئی ٹی) اور مریم فرید (قانون) نے بالترتیب پہلی، دوسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم کی سطح پر بھی یونیورسٹی آف ہری پور نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وائس چانسلر، رجسٹرار، ڈائریکٹر اورک اور تمام فکلٹی ممبران نے طلبہ کی کامیابی پر ان کو مبارکباد دی اور آنے والے قومی سطع کے مقابلے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔