باب العلم پبلک لائبریری میں 40 ہزار کتابوں کا ذخیرہ ہے، زاہد حسین کاظمی

جمعہ 24 نومبر 2017 14:39

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) باب العلم پبلک لائبریری میں 40 ہزار مختلف کتب اور آب بیتی میں 99 فیصد کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے جس سے قاری استفادہ کر رہے ہیں، عام قاری کی آسان رسائی کیلئے بہت جلد لائبریری کو شہر میں پبلک مقام پر منتقل کیا جائے گا جس کیلئے جگہ بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار لائبریری کے کوآرڈینیٹر زاہد حسین کاظمی نے لائبریری کے وزٹ کے دوران پاکستان بیت المال کے ضلعی آفیسر نیئر عباس جعفری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پرائمری سکول سے کہانیاں پڑھنے اور اس طرح کتب بینی کا شوق ہوا اور بعد ازاں اپنے گائوں میں پبلک لائبریری بنانے کا خیال پیدا ہوا، اس طرح انہوں نے 1998ء میں ایک کتاب سے لائبریری کا آغاز کیا اور آج الحمدالله ان کے پاس 40 ہزار کتب موجود ہیں اور اتنا ذخیرہ پورے صوبہ میں کسی پبلک لائبریری کے پاس نہیں ہے، اسی طرح آب بیتی میں ان کے پاس پاکستان اور انڈیا کی لکھی ہوئی 99 فیصد خود نوشت موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیٹ اور موبائل کے استعمال سے کتب بینی کم نہیں ہوئی بلکہ زیادہ ہوئی ہے، پہلے اگر ہزاروں لوگ کتب کا مطالعہ کرتے تھے تو موبائل اور نیٹ کے استعمال سے ان کی تعداد کروڑوں میں پہنچ چکی ہے جو خوش آئند ہے، باب العلم پبلک لائبریری سے دیگر قارئین کے علاوہ پی ایچ ڈی کرنے والے سکالر بھی استفادہ کر رہے ہیں، اس وقت پر 500 سے زائد کتب مارکیٹ میں لوگوں کے پاس ہیں۔