سپریم کورٹ کا عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کا نوٹس

ای سی ایل سے نام ایسے نکالا جاتا ہے جیسے لگتا ہے کہ حکومت خیرات دے رہی ہو ،ْلطیف کھوسہ آپ بھی اپنے دور میں یہی کچھ کرتے رہے ہوں گے، تبھی آپ کے ساتھ ایسا ہو رہا ہے ،ْ جسٹس مشیر عالم

جمعہ 24 نومبر 2017 14:29

سپریم کورٹ کا عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) سپریم کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔جسٹس مشیر عالم کی سر براہی میں 2 رکنی بینچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے جانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جسٹس مشیر عالم نے ڈاکٹر عاصم کے وکیل لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنا کیس لے کر دوبارہ آگئے ہیں، اخبار میں پڑھا کہ نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے۔

جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ای سی ایل سے نام ایسے نکالا جاتا ہے جیسے لگتا ہے کہ حکومت خیرات دے رہی ہو۔جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ آپ بھی اپنے دور میں یہی کچھ کرتے رہے ہوں گے، تبھی آپ کے ساتھ ایسا ہو رہا ہے۔سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق عدالتی حکم کے باوجود ایسا نہ کرنے پر سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔