سینٹ نے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ، قواعد ضابطہ کار و انصرام کی رپورٹیں پیش کرنے کی معیاد میں 30 یوم توسیع کی منظوری دیدی

ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنا نے بارے سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کی تحریک التواء مسترد کر دی گئی سینٹ نے قانون و انصاف کمیشن آف پاکستان (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا وزارت داخلہ ہر چھ ماہ بعد ایف آئی اے کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کرے، چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث معاشرے کے غریب طبقات پر اضافی بوجھ سے متعلق تحریک التواء پر بحث پیر تک ملتوی

جمعہ 24 نومبر 2017 14:29

سینٹ نے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ، قواعد ضابطہ کار و انصرام کی رپورٹیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) سینٹ نے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ، قواعد ضابطہ کار و انصرام کی رپورٹیں پیش کرنے کی معیاد میں مزید 30 روز کی توسیع کی منظوری دیدی۔ جمعہ کو اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر عبدالرحمان ملک نے مجموعہ تعزیرات پاکستان 1860ء اور مجموعہ ضابطہ فوجداری 1898 میں مزید ترمیم کے بل (فوجداری قوانین (ترمیمی) تحفظ حقوق مخنث افراد بل 2017ء پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں 30 روز کی توسیع کی درخواست کی۔

اس کے علاوہ انہوں نے سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے پیش کئے گئے نا انصافی ’’تلافی‘‘ بل 2017ء پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں بھی یکم دسمبر سے مزید تیس روز تک توسیع کی درخواست کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے کمیٹی کی دونوں رپورٹیں پیش کرنے کی مدت میں 30 روز کی توسیع کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دور ان سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کی تحریک التواء مسترد کر دی گئی ۔

سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ نے تحریک پیش کی کہ عالمی بینک کی سالانہ فلیگ شپ رپورٹ کے مطابق 190 ممالک جن میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے، میں پاکستان 172 ویں پوزیشن پر ہے، کو زیر بحث لایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے نے کہا کہ یہ تحریک التواء قانون پر پورا نہیں اترتی جس پر انہوں نے تحریک التواء کی منظوری نہیں دی۔اجلاس کے دور ان سینٹ نے قانون و انصاف کمیشن آف پاکستان (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان بالا میں قانون و انصاف کمیشن آف پاکستان آرڈیننس 1979ء میں مزید ترمیم کا بل قانون و انصاف کمیشن آف پاکستان (ترمیمی) بل 2017ء قومی اسمبلی سے منظور کردہ صورت میں زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید غور کے لئے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ اجلاس میں قانون انسداد الیکٹرانک جرائم 2016ء کے تحت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) کی سرگرمیوں سے متعلق ششماہی رپورٹ پیش کر دی گئی۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے رپورٹ پیش کی۔اجلاس کے دور ان پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث معاشرے کے غریب طبقات پر اضافی بوجھ پڑنے سے متعلق تحریک التواء پر بحث پیر تک ملتوی کر دی گئی سینیٹر محمد اعظم خان سواتی اور سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی منظور شدہ تحریک التواء پر متعلقہ وزیر نے بحث سمیٹنا تھی لیکن ان کی عدم موجودگی کے باعث چیئرمین سینیٹ نے تحریک التواء پر بحث پیر تک ملتوی کر دی۔

چیئر مین سینٹ رضا ربانی نے وزارت داخلہ سے ہر چھ ماہ بعد ایف آئی اے کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ مانگ لی اجلاس کے دور ان الیکٹرانک کرائم بل 2016ء کے سیکشن 53 کے حوالے سے رولنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ہر چھ ماہ بعد اس حوالے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں یہ رپورٹ پیش ہونے کے بعد اسے متعلقہ کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں بھیجا جائے۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ رپورٹ کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لانے کے لئے رپورٹ تیار کر کے پارلیمنٹ میں پیش کرے۔ چیئرمین سینیٹ نے ایف آئی اے کی حالیہ ششماہی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :