ایوان بالا میں حلقہ بندیوں کے بل کو منظور کرانے کے لئے اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیئے، سینیٹر عبدالقیوم

جمعہ 24 نومبر 2017 12:44

ایوان بالا میں حلقہ بندیوں کے بل کو منظور کرانے کے لئے اپوزیشن کو حکومت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ایوان بالا میں حلقہ بندیوں کے بل کو منظور کرانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کا تعاون درکار ہے، اس قومی مسئلہ پر سیاسی جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیئے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ماضی میں تمام جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کر کے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری میں حصہ لیا تھا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کرنا چاہیئے۔ میثاق جمہوریت پر ماضی میں پی پی نے عمل کیا اور اب مسلم لیگ (ن) عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا میں حکومت کے پاس دو تہائی کی اکثریت نہیں کہ حلقہ بندیوں کا بل منظور کرا سکے اس کے لئے اپوزیشن جماعتوں کا تعاون درکار ہے، قومی مفادات پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

دھرنے کے خاتمے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عبدالقیوم نے کہاکہ ملک کے اندر ڈکٹیٹر شپ نہیں جمہوریت ہے جبکہ راستے بند کرنا جمہوریت نہیں۔ برطانیہ اور امریکا میں بھی احتجاج ہوتے ہیں مگر کوئی راستہ بند کرنے کے جرات نہیں کر سکتا۔ دھرنے والوں کو عوام کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرنا چاہیئے۔ ان کے جائز مطالبات حکومت ماننے کو تیار ہے۔ اس حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے امید ہے جلد نتائج سامنے آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :