کراچی، ایم اے جناح روڈ پر بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر، 6 سالہ بچی جاں بحق

بس ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ، مشتعل افراد نے دو بسوں کو آگ لگا دی

جمعہ 24 نومبر 2017 12:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر ریس لگاتی تیزرفتار بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 6 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، بس کا ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہو گیا مشتعل افراد نے دو بسوں کو آگ لگا دی ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر ریس لگاتی تیزرفتار بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 6 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی حادثے کے بعد مشتعل افراد نے دو بسوں کو آگ لگا دی، دوسری جانب بس کا ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ایم اے جناح روڈ سے نمائش جانے والی سڑک پر ایک نجی اسکول کے سامنے دو بسوں مں ریس جاری تھی کہ اس دوران ایک بس نے برابر سے گزرنے والی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار 6 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔حادثے کا شکار ہونے والی بچی کو اس کے والد اسکول چھوڑنے جارہے تھے۔واقعے کے بعد مشتعل افراد نے دو بسوں کو آگ لگادی، جبکہ مظاہرین نے آگ بجھانے کے لیے آنے والی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں پر بھی حملہ کردیا اور لاٹھیاں اور ڈنڈے برسائے۔