پی ٹی آئی کے رہنما شہریار خان آفریدی نے سیاست کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 نومبر 2017 11:31

پی ٹی آئی کے رہنما شہریار خان آفریدی نے سیاست کو خیر باد کہنے کا فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 نومبر 2017ء) : پی ٹی آئی کے رہنما شہر یار خان آفریدی نے سیاست کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شہر یار آفریدی کا کہنا تھا کہ اپنے لیڈر اور اپنی پارٹی کے لیے میرا سب کچھ قربان ہے لیکن ہمارا ماحول اور سسٹم ایسا بن گیا ہے کہ اس میں گھٹن ہے۔

ہم حق حلال کی کمائی اور اپنے بچوں کے نوالے بھی پارٹی پر لگائیں ، گھر پر لگائیں ، دوستوں پر لگائیں۔ملک پر لگائیں اور آپ کو بدلے میں تذلیل ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے لیے میرا سب کچھ قربان ہے لیکن اب میں سوچنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ مجھے میری پارٹی سے الفت رہے گی لیکن میں نے سائیڈ پر ہونے کا سوچا ہے۔اس سلسلے میں میں پارٹی سے مشاورت کروں گا اور پارٹی پالیسی کو فالو کروں گا ، میں پارٹی پالیسی کے مطابق بطور رکن اسمبلی اپنی مدت پوری کروں گا اور پھر اس بارے میں میں اپنی پارٹی کے چئیرمین سے بھی مشاورت کروں گا ۔

(جاری ہے)

کیونکہ اصل چیز اطیمنان ہے میں اپنے چئیرمین کے ساتھ بیٹھ کر ان سے اس بارے میں بات کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے ضلع میں ساڑھے 73 ارب روپے کے پراجیکٹس چل رہے ہیں، پچاس ارب روپے کی ریفائنری چل رہی ہے۔ ہماری ضروریات اور خواہشات بہت محدود ہیں لیکن وہ لوگ جنہوں نے ہمارے لیے لڑائی لڑی ہے، جنہوں نے ہمارے لیے ووٹ مانگے ہیں، جنہوں نے اپنی جان ماری ہے، ابھی کل ہی میں ایک تقریب میں گیا تھا اور میرے ساتھ خان صاحب موجود تھے، وہاں موجود بندہ چاہتا تھا کہ خان صاحب کے ساتھ میری تصویر بنے جو نا ممکن ہے، ایسے میں بعد میں آپ پر سوشل میڈیا پر جو الزامات لگتے ہیں وہ قابل افسوس ہیں ، انہوں نے بتایا کہ میرے گھر والے میری ذات کے حوالے سے مجھ سے ناراض ہیں۔

میں نے اپنی فیملی کو نو سال سے کوئی وقت نہیں دیا ۔ میں پارٹی میں رہوں گا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ مجھے سیاست سے سائیڈ پر ہو جانا چاہئیے۔ شہریار آفریدی نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: