دھرنے والوں سے بات چیت کا عمل جاری ہے

کوشش ہے معاملہ افہام وتفہیم سے حل کیا جائے ، بات چیت سے کافی حد تک مثبت پیش رفت ہوئی ہے،وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ

جمعرات 23 نومبر 2017 23:20

دھرنے والوں سے بات چیت کا عمل جاری ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دھرنے والوں سے بات چیت کا عمل جاری ہے ، کوشش ہے معاملہ افہام وتفہیم سے حل کیا جائے ، بات چیت سے کافی حد تک مثبت پیش رفت ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی تھی ،دھرنے والوں کا کوئی سیاسی مطالبہ نہیں ہے ان کا مطالبہ ہے کہ آئندہ ختم نبوتؐ کے قانون کو نہ چھیڑا جائے ۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد سے دھر نے والوں سے ملاقات کے بعد معاملات میں کافی حد تک بہتری آئی ہے ،حکومت کو موقف ہے کہ کمیٹی کی سفارشات آنے دی جائیں، حکومت طاقت کے استعمال سے گریز چاہتی ہے ۔کمیٹی کی رپورٹ آنے سے چیزیں واضح ہو جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ چند روز میں کوئی حل تلاش کر لیا جائے ، صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) کا بیان ان کی ذاتی سوچ ہے جبکہ وزیر داخلہ کا بیان مسلم لیگ کی سوچ ہے ۔