Live Updates

نوشہرہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے 100دیرینہ کارکنان کی تحریک انصاف میں شمولیت

وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی بھر پور حمایت کا اعلان،تحریک انصاف کی دن دگنی اور رات چگنی ترقی کاعہد

جمعرات 23 نومبر 2017 22:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) اکبر پورہ ضلع نوشہرہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے 100دیرینہ کارکنان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ اور پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تحریک انصاف کی دن دگنی اور رات چگنی ترقی کاعہدکیا۔

تفصیلات کے مطابق اکبر پورہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے سو سے زائد دیرینہ کارکنوں ملک علی خان، ملک شیر پاؤ، تحصیل کونسلر اسماعیل شاہ، ریاض ترخہ، کونسلر ملک سہیل، سالار، ملک منصف، ملک امان، ملک اعجاز، ڈاکٹر مشتاق غنی، فاروق غنی ،افتخار غنی اور دیگر نے عوامی نیشنل پارٹی سے اپنی تیس سالہ طویل وابستگی کو خیر باد کہتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمٰن، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خٹک اور وزیر اعلیٰ کے صاحبزادے اسحٰق خٹک نے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور ان کا خیر مقدم کیا۔اوران کو پی ٹی ائی کی ٹوپیاں پہنائی۔ اس موقع پرڈاکٹر ہدایت اور تحصیل کونسلر پبی سید حیدر علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ضلع ناظم لیاقت خٹک، ایم پی اے خلیق الرحمٰن، اسحٰق خٹک، ڈاکٹر ہدایت اور سید حیدر علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کے کارکنان کی پارٹی میں شمولیت کو تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں اور صوبائی حکومت کی شاندار کارکردگی کا مظہر ہے۔

انھوںنے کہا کہ آج لوگوںکا جو ق درجوق تحریک انصاف میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اب بھی تحریک انصاف کو دل وجان سے چاہتے ہیں۔ اور وہ تبدیلی کے سفرکو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں عوام کااستحصال ہوتارہا ہے اور امیر امیر تر اور غریب غریب ترہوتا گیا۔ مگر جب سے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت برسرا قتدار ائی ہے ۔ عوام کا عزت نفس بحال ہوا عوام کو تھانوں اور پٹوار خانوںمیں واضح فرق محسوس ہونے لگا۔ انشاء اللہ 2018 کے عام انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے نہ صرف چاروںصوبوں بلکہ وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات