شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی کے موقع پرکوئٹہ میں جلسہ عام منعقد ہوگا

جمعرات 23 نومبر 2017 22:51

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 44ویں برسی آئین اور جمہوریت کے عنوان کے تحت 2دسمبربروز ہفتہ سہہ پہر 12بجے صادق شہید فٹبال گراونڈمیں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جلسہ عام سے پارٹی کے چیئرمین مشر محمود خان اچکزئی اور مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف خطاب کرینگے ۔

جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں پشتونخواملی عوامی پارٹی ہزار ٹائون ، کرانی، پشتون آباد علاقائی یونٹوں کے علاقائی کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے ۔ جس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے ، سید عبدالقادرآغا ایڈووکیٹ ،پارٹی رہنمائوں ندا سنگر ، عزیز اللہ ہمزولئی ، جبار ہمدرد،حاجی محمد عمر ، نور محمد خان ، امان اللہ کربلائی اور عزیز اللہ نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف تنظیمی فیصلے کیئے گئے اور جلسے کی کامیابی کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں طے پایا گیاکہ علاقائی یونٹوں کے جلوس پارٹی کے مرکزی جلسہ عام میں شرکت کرنے جائینگے اس مناسبت سے گھر گھر رابطہ مہم،جلوس اور جلسہ میں بڑی تعداد میں کارکنوں وہمدردوں کی شرکت ممکن بنائی جائیگی ۔

اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی بیسویں صدی کے ان عظیم رہنمائوں میں شمار ہوتے ہیں جن کی جدوجہد ایک ایسے مشکل اور کٹھن دور میں شروع ہوئی جب حق کی بات کرنا ناممکن تھا ۔انہوں نے زمانہ طالب علمی سے ہی بے لوث اور لازوال قربانیاں دیتے ہوئے اپنے اصولی موقف کی بنیادپر تنظیم اور پارٹی کی تشکیل کی یہی وجہ ہے کہ آج پشتونخواملی عوامی پارٹی کی شکل میں قوم کو ایک منظم پارٹی ملی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی لازوال قربانیوں ، جدوجہد کے بدولت ، خطے کے کروڑوں عوام واقوام کو فرنگی استعمارسے آزادی نصیب ہوئی اور اس ملک کا قیام ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ، آئین کی حکمرانی ، جمہوری پارلیمانی آئینی نظام ، سماجی عدل وانصاف ، امن وترقی کیلئے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے شہادت کے روز تک جہد مسلسل کی اورآخر کار 2دسمبر 1973کو وہ شہادت کے ایک اعلیٰ رتبے پر فائض ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ دیگر سیاسی جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر ہمیشہ کی طرح آئین اور جمہوریت کے دفاع کیلئے صف اول کا کردار ادا کریگی ۔اسی لیے 2دسمبر کا جلسہ بھی آئین اور جمہوریت کے شعار کے تحت منعقد ہورہا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ گھر گھر رابطہ مہم کرکے جلسہ عام میں عوام کی بھرپور شرکت کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسہ عام میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :