حلف نامہ نبوتؐ کے متعلق کسی بھی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تذکرہ نہیں ہوا ،

اگر حکومت پارلیمانی کمیٹیوں کا مکمل ریکارڈ عوام کے سامنے لائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا، راجہ ظفر الحق میاں صاحب سے ڈرنے کی بجائے اللہ میاں ڈریں، وفاقی حکومت اپنی سوچی سمجھی سازش کو چھپانے کیلئے دروغ گوئی سے کام لے رہی ہے حکومت اور وزارت داخلہ اشتہارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کررہی ہے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کا وزارت داخلہ کی جانبشائع ہونیوالے اشتہارات پر ردعمل

جمعرات 23 نومبر 2017 22:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے وزارت داخلہ کی جانب سے قومی روزناموں میں--’’ ختم نبوت ؐکے حلف نامہ کے عنوان میں تبدیلی کا الزام حقیقت کیا ہی ‘‘ کے عنوان سے شائع کرانے والے اشتہار اور اس کے مندرجہ جات پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلف نامہ نبوتؐ کے متعلق کسی بھی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تذکرہ نہیں ہوا ، اگر حکومت پارلیمانی کمیٹیوں کا مکمل ریکارڈ عوام کے سامنے لائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، قومی اسمبلی میں سب سے پہلے جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے تبدیل شدہ مسودے کی نشاندہی کی اور ترمیم کے لئے بل پیش کیا،حکومت اور وزارت داخلہ اشتہارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کررہی ہے،حکومت ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی لانے والے افراد کے نام سامنے لائے اور انہیں بے نقاب کرے،راجہ ظفر الحق میاں صاحب سے ڈرنے کی بجائے اللہ میاں ڈریں، ختم نبوت پاکستان کے بیس کروڑ مسلمانوں کے ایمان کا لازمی حصہ ہے، ختم نبوت ؐ کے قانون میں تبدیلی کے لئے جو بھی ہاتھ اٹھیں گے تو پاکستانی عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر اس قانون کا دفاع کریں گے اور اس قانون کی طرف بڑھنے والے ہاتھ توڑ دیں گے، حکومت راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ سامنے لائے، زاہد حامد قادیانیوں کا ہمدرد ہے انہیں فوری طور پر وزارت سے فارغ کیا جائے۔

(جاری ہے)

بروز جمعرات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت اپنی سوچی سمجھی سازش کو چھپانے کیلئے دروغ گوئی سے کام لے رہی ہے۔ ختم نبوت کا معاملہ حساس نوعیت کا ہے، عوام حکومت کی عیارانہ چالوں کو سمجھتے ہیں، ختم نبوتؐ کے حلف نامے میں ترمیم غلطی نہیں بلکہ سوچی سمجھی بیرونی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے راجہ ظفر الحق کمیٹی بناتے وقت وعدہ کیا تھا کہ حلف نامے کی تبدیلی میں جو بھی ملوث پایا گیا اسے سزا دی جائے گی لیکن ایک مہینے بعد بھی ذمہ داروں کا نام نہیں بتایا جارہا۔

راجہ ظفر الحق مجرموں کو بچانے کی بجائے اللہ کے لئے گواہی دیں۔ وزیر قانون زاہد حامد حلف نامے میں تبدیلی میں ملوث ہیں تو انہیں سزا کیوں نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ؐ کے حلف نامے میں تبدیلی کا خمیازہ حکمرانوں کو بھگتنا پڑے گا، جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت ؐ اور ناموس رسالتؐ کی محافظ اور پاسبان ہے ، قانون ختم نبوت ؐ اور تحفظ ناموس رسالت ؐ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔