واٹربورڈ کی تنصیبات اور اسٹاف کالونیوں کی اراضی کی حفاظت کیلئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں ، ایم ڈی ہاشم رضا زیدی

جمعرات 23 نومبر 2017 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے واٹربورڈ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واٹربورڈ کی تنصیبات اور اسٹاف کالونیوں کی اراضی کی حفاظت کیلئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں ، انہیں قبضہ مافیا سے بچانے اور تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کئے جائیں ، اس ضمن میں پولیس اور شہری وضلعی انتظامیہ سے بھی مدد لی جائے ،کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی وہ اپنے دفتر میں واٹربورڈ کے افسران کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، اجلاس میں ڈی ایم ڈی ایچ آرڈی اینڈ اے اختر غوری ، چیف انجینئر بلک و واٹرٹرنک مین غلام قادر عباس ، سپرنٹنڈنگ انجینئر بلک عبدالرحمن شیخ ، ڈائریکٹر لینڈ اینڈ اسٹیٹ شعیب تغلق اور چیف سیکورٹی آفیسر میجر ریٹائرڈ محمد نواز گوندل سمیت دیگر انجینئرز اور افسران نے شرکت کی، ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصا ً وزیر بلدیات وچئیرمین واٹربورڈ جام خان شورو کی ہدایات ہیں کہ سرکاری اراضی کی حفاظت اور ان پر غیرقانونی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ، واٹربورڈ ان ہدایت کی روشنی میں اپنی ملکیتی اراضی کی حفاظت اور اسے قبضہ مافیا اور تجاوزات سے بچانے کیلئے بھر پور اقدامات کرے گا ، سرکاری اراضی پر غیرقانونی قبضہ کرنے والے عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ، ا ن کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا ،انہوںنے ڈائریکٹر لینڈ اینڈ اسٹیٹ اور چیف سیکورٹی آفیسر کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کیلئے واٹربورڈ کے لیگل ڈپارٹمنٹ سے مددلی جائے ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں گلشن اقبال اور نارتھ ایسٹ کراچی فلٹر پلانٹ سے متصل اراضی پر قبضہ مافیا نے غیرقانونی قبضہ کی کوشش کی جس کو چیف سیکیورٹی آفیسر میجر ریٹائرڈ نواز گوندل اور ایگزیکٹیوانجینئر ڈبلیو ٹی ایم آصف قادری نے گلشن اقبال بلاک 17میں فوری کارروائی کرکے واٹربورڈ کے کنڈیوٹ پر غیرقانونی تعمیرات کرنے کی کوشش ناکام بنادی تھی ان کا یہ عمل لائق تحسین ہے ، آئندہ بھی سرکاری اراضی پر قبضہ کی اطلاع ملتے ہیں فوری اور بھرپور کارروائی کی جائے ،واٹربورڈ کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے اور اس فرض کی ادائیگی میںکسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،انہوں نے چیف سیکورٹی آفیسر کو ہدایت کی کہ واٹربورڈ کی تنصیبات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں ۔