پاکستان پیڈیاٹیرک ایسوسی ایشن کی تین روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد سکھر میں کیا جائے گا

پانچ سال عمر تک کے بچوں پر مبنی تحقیق کو کانفرنس میں پیش کیا جائیگا۔ کانفرنس میں عالمی ادارہ صحت کے ماہرین بھی شرکت کرینگے

جمعرات 23 نومبر 2017 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) پاکستان پیڈیاٹیرک ایسوسی ایشن کی تین روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد سکھر میں کیا جائے گا۔ پاکستان پیڈیا ٹیرک ایسوسی ایشن کے حکام ڈاکٹر جمال رضا، ڈاکٹر ایم این لعل اور ڈاکٹر طارق شفیع نے قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پیڈیاٹیرک ایسوسی ایشن کی تین روزہ قومی کانفرنس سندھ کے ضلع سکھر میں منعقد کی جائے گی۔

کانفرنس کا افتتاح قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ تین روزہ کانفرنس میں مقامی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کرینگے۔کانفرنس میں بچوں کی صحت سے متعلق اہم امور زیر بحث لائے جائینگے، ڈاکٹر طارق شفیع کے مطابق دس سال بعد کانفرنس سکھر میں منعقد کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

سکھر،جیکب آباد،نواب شاہ،میرپور خاص،لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے ماہرین طب اس کانفرنس میں شرکت کرینگے۔

کانفرنس میں 15 سائنٹیفک سیشن کیے جائینگے۔پاکستان میں سربراہ یونیسف کی جانب حفاظتی ٹیکوں کی شرح کو بڑھانے پر بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال عمر تک کے بچوں پر مبنی تحقیق کو کانفرنس میں پیش کیا جائیگا۔ کانفرنس میں عالمی ادارہ صحت کے ماہرین بھی شرکت کرینگے ۔ نئی تحقیق کو سامنے لانے کا موقع ملے گا۔بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ایم این لعل نے کہا کہ ہر ہزار میں 53 بچے پیدائش کے بعد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔شرح اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں بنیادی مسئلہ ماں میں غذائی قلت ہے۔ ڈاکٹر جمال نے بتایا کہ روٹا وائرس کی ویکسین اگلے ماہ سندھ میں شروع ہو جائیگی۔حفاظتی ٹیکوں کی شرح کو بڑھانے کے لئے پولیو والے سسٹم کو اپنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :